وزیراعظم نے ملک کو قرض کی دلدل سے نکالنے کیلئے حاجیوں سے دعا کی اپیل کردی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کو قرض کی دلدل سے نکالنے کیلئے حاجیوں سے دعا کی اپیل کردی۔ تفصیلات کے مطابق ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حج اکبر کی سعادت حاصل کرنے والے حجاج سمیت پوری امت کو مبارک پیش کرتا ہوں ، اللہ تعالیٰ کے عالم انسانیت بالخصوص مسلمانوں پر اس کے رحم ، امت کے اتحاد، ترقی و خوش حالی، وباؤں سے نجات، مقبوضہ فلسطین اور کشمیر کی آزادی اور مظلوم انسانیت کے دکھوں اور مصائب سے نجات کی دعا کی اپیل کرتا ہوں۔وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ آج کے دن کی برکت سے پاکستان کو قرض کی دلدل سے نکال دے، ہمیں بحیثیت قوم معاشی خود انحصاری کی منزل عطا فرمائے ، شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی خصوصی دعا کرتے ہیں۔

دوسری طرف حکومت نے حج کی ادائیگی کے بعد پاکستان واپس آنے والے حجاج کا ایئرپورٹس پر ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا ، وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی جانچ کے لیے ایئرپورٹس پر حج کرکے واپس آنے والوں کے ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ کیے جائیں گے، اس مقصد کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے پرائیویٹ ایئرلاینز میں آنے والے حاجیوں کے اعداد و شمار طلب کرلیے گئے ہیں، ڈائریکٹر وزارت حج نے ڈی جی سی اے اے کو تفصیلات کے لیے مراسلہ جاری کردیا ہے، ٹیسٹ کے لیے انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر سی اے اے اور اے ایس ایف اہلکاروں کی تعیناتی کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔خیال رہے کہ عالمی وباء کورونا وائرس کے بعد پہلی بار 10 لاکھ سے زائد عازمین حج کی سعادت حاصل کررہے ہیں ، پاکستان سے بھی اس سال 85 ہزار کے قریب افراد حج کی سعادت حاصل کر رہے ہیں ، دنیا بھر سے ججاز مقدس میں جمع ہوئے لاکھوں مسلمان آج حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے ،عزام کرام نے رات منیٰ میں قیام کیا ، عبادات ، تلاوت اور استغفار میں مصروف رہے اور نماز فجر کے بعد عازمین میدان عرفات روانہ ہوئے۔

متعلقہ خبریں