گورنر پنجاب کی طبیعت ناساز، ہسپتال منتقل

لاہور (نیوز ڈیسک ) گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی طبیعت ناساز ہوگئی جس پر انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو طبیعت ناساز ہونے پر آج صبح پونے 9 بجے سروسز ہسپتال لایا گیا جہاں عمر سرفراز چیمہ کے ابتدائی ٹیسٹ کیے گئے ، جس کے بعد گورنر پنجاب کو سروسز اسپتال میں داخل کر لیا گیا۔گزشتہ روز گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی طرف سے نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا حلف لینے سے انکار کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب کے حلف کیلئے صدر مملکت کو نمائندہ مقررکرنے کی ہدایت کی تھی ، عدالت کی طرف سے یہ فیصلہ سامنے آنے سے پہلے حمزہ شہباز سے حلف نہ لینے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر سماعت ہوئی جس میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس عدالت میں پیش ہوئے ، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ گورنر پنجاب کے ساتھ میٹنگ کی ، دو، تین وجوہات عدالت کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں، گورنر کے ساتھ اسپیکر اسمبلی حلف لینے کا پابند ہوتا ہے، حمزہ شہباز کی درخواست میں اسپیکر کو فریق نہیں بنایا گیا، گورنر کوئی ربڑ اسٹیمپ نہیں۔

چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ گورنر پنجاب کی جانب سے حلف نہ لینے کا کوئی جواز ہے ؟ صدر نے کہا میں وزیر اعظم سے حلف نہیں لے سکتا، بیمار ہوں ، جس پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ گورنر پنجاب سمجھتے ہیں کہ وزیر اعلیٰ کا انتخاب قانون اور آئین کے مطابق نہیں ہوا ، ایک خاتون ایم پی اے تشدد کی وجہ سے زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے ، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اس کا مطلب ہے سب کچھ روک دیا جائے۔ عدالت نے کہا کہ صدر پاکسان کسی اور کو حلف لینے کے لئے نامزد کریں، صدر پاکستان کو عدالتی فیصلے کی کاپی بھجوائی جائے۔

متعلقہ خبریں