وزیراعظم شہبازشریف کی معاشی ٹیم کو 15 روز میں مہنگائی کم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے معاشی ٹیم کو 15 روز میں مہنگائی کم کرنے کی ہدایت کردی، انہوں نے کہا کہ مجھے باتیں نہیں چاہئیں،پندرہ روز میں مہنگائی کو کم کرنے کے نتائج دیں، مہنگائی میں پِسی عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا، اجلاس میں چینی اور اشیاء کی قیمتوں کا تعین، مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی ٹیم پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باتیں نہ کریں، 15روز میں نتائج دیں،15روز میں مہنگائی کم کرنے کی ہدایت کرتا ہوں۔ اسی طرح وزیراعظم شہبازشریف کو چینی کی دستیاب وافر مقدار پر بریفنگ دی۔وزیراعظم شہبازشریف نے چینی کی برآمد پر پابندی عائد کردی ہے۔وزیراعظم نے سرپلس چینی ہونے پر برآمد پر پابندی عائد کی، چینی پر برآمد کرنے کی پابندی رواں سال نافذ رہے گی۔پاکستان میں چینی کا وافر اور اضافی ذخیرہ موجود ہے،اقدام کا مقصد چینی کی قیمتوں کو کم کرنا اور عوام کو ریلیف دینا ہے۔

دوسری جانب ادارہ شماریات نے مہنگائی پر ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی ، جس کے تحت ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 16.44 فیصد پر آگئی ہے، حالیہ ہفتے 17 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں 10 اشیا سستی اور 24 میں استحکام رہا۔ایک ہفتے میں انڈے 2 روپے 78 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے، مٹن 12 روپے 66 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، بیف کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 9 پیسے اضافہ ہوا، زندہ مرغی ایک روپے67 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، دودھ، دہی، دالیں اور چاول بھی مہنگا ہوا ہے۔ اسی طرح ایک ہفتے میں ٹماٹر 52 روپے59 پیسے فی کلو سستا ہوا، آلو ایک روپے 38 پیسے فی کلو سستا ہوا، چینی کی اوسط فی کلو قیمت میں 22 پیسے کی کمی ہوئی، آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 3 روپے 84 پیسے سستا ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں