مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ عمران خان نے حکومت قربان کی لیکن غلامی قبول نہیں کی،علی محمد خان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے حکومت قربان کردی لیکن امریکی غلامی قبول نہیں کی وہ جلد دو تہائی اکثریت سے دوبارہ وزیراعظم بنیں گے۔عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد ایوان میں الوداعی خطاب کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ روس صرف بہانہ ہے، عمران خان نشانہ ہے، اپوزیشن کے ساتھ کچھ ایسے لوگ ہیں جو غیرملکی عناصر کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا گناہ یہ ہے کہ انہوں نے آزاد خارجہ پالیسی کی بات کی، وقت ثابت کرے گا کہ کون اصلی شیر ہے کیونکہ عمران خان دو تہائی اکثریت سے جلد دوبارہ وزیراعظم آئیں گے اور پھر کسی کو سنبھال کر قوم کا سر فخر سے بلند کریں گے۔علی محمد خان کا کہنا تھا کہ مولانا جس عمران خان کو ایجنٹ کہتے تھے وہ کیسا ایجنٹ تھا جسے ہٹانے کیلئے امریکا نے پورا زور لگایا، کسی کے ہنسنے سے میرے حوصلے کم نہیں ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج میری پارلیمانی امور کی ڈیوٹی تمام ہوئی، مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ عمران خان نے حکومت قربان کی لیکن غلامی قبول نہیں کی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’جمہوریت بہترین انتقام ہے‘، پاکستان میں پہلی بارعدم اعتماد کامیاب کرکے تاریخ رقم ہوئی ہے۔قومی اسمبلی میں عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج ہی کے دن شہید بی بی نے جلاوطنی ختم کرکے ضیا کے خلاف تحریک شروع کی تھی، آج ہم پرانے پاکستان کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو پیغام ہے کہ کوئی چیز ناممکن نہیں کیونکہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بارعدم اعتماد کامیاب کرکے تاریخ رقم ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہم پرانے پاکستان کو خوش آمدید کہتے ہیں، نوجوانوں کو پیغام ہے کہ کوئی چیز ناممکن نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں