وزیر اعظم کا راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی کو10 دن کے اندر آپریشنل کرنے کا حکم

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیر اعظم شہباز شریف نے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی کو 10 دن کے اندر آپریشنل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وزیر اعظم کی ہدایت پر مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما حنیف عباسی نے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی کا دورہ کیا اس کے مختلف شعبے دیکھے اور متعلقہ حکام سے بریفنگ لی ۔اس موقع پر حنیف عباسی نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اس ادارے کا دورہ کیا ہے اور ہسپتال کی ایمرجنسی اور اوپی ڈی کو 10 دن کے اندر مکمل طور پر آپریشنل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ،ابتدائی طور پر 30 ڈائیلائسز مشینیں بھی فراہم کر دی گئیں ہیں وہ بھی آپریشنل ہو جائیں گی جبکہ آپریشن سینٹر سمیت دیگر کام 30 جون تک مکمل کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے ہیں تا کہ علاقے کے لوگوں کو علاج و معالجے کی سہولیات میسر ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمارت کی تعمیر کا تمام کام مکمل ہو چکا ہے ،یہ ہسپتال 4 سال سے بند پڑا ہوا تھا،مشینیں بند پڑی ہوئی تھیں،ان مشینوں کو اوپن کر دیا ہے اب مکمل آپریشنل حالت میں ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کی عوام کے لئے ہسپتال ایک تحفہ ہے ،سابق حکومت نے انتقامی کارروائیاں کرتے ہوئے اس ادارے کو چار سال بند رکھا مگر موجودہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود خاص طور پر صحت کی سہولیات کی فراہمی کی طرف بھر پور توجہ دے رہی ہے تا کہ راولپنڈی کے عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ ہو۔

متعلقہ خبریں