وزیراعظم نے شاہ محمود قریشی کو 3 گھنٹے تقریر کرنے کی ہدایت کی،حامد میرکا دعویٰ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سینئرصحافی حامد میر نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے شاہ محمود قریشی کو 3 گھنٹے تقریر کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کیے جانے کے بعد اہم شخصیات سے بات ہوئی۔حامد میر نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے ایک رکن نے خود میسج کرکے بتایا کہ آج کے اجلاس کے حوالے سے وزیراعظم نے شاہ محمود قریشی کو 3 گھنٹے تقریر کرنے کی ہدایت کی، ان کے پاس 3 گھنٹے کی تقریر کے نوٹس موجود ہیں۔حامد میر نے مزید دعویٰ کیا کہ وزیراعظم نے اپنے ارکان سے کہا ہے کہ اپوزیشن ارکان اگر اجلاس میں بے چین ہوتے ہیں تو انہیں ہونے دیں اور کوشش کریں کہ ایوان میں کوئی ہنگامی آرائی ہو تاکہ اجلاس کسی طرح ملتوی ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف سے اجلاس کی تاخیر سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ آج قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ نہیں ہوتی تو ہمارے سامنے آئین کا آرٹیکل 187 ہے، عدالتی احکامات کی روشی میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔خیال رہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے شور شرابے کی وجہ سے اجلاس ساڑھے 12 تک ملتوی کیا تھا جو اب تک شروع نہیں ہو سکا۔قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آج تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونا مشکل ہے ، چاہتے ہیں سارے معاملے پر بحث کی جائے۔ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا معاملے کو پارلیمان میں پیش کریں گے اور بحث کرائیں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر معاملے میں خود ملوث ہیں تو ظاہر ہے دھمکی آمیز مراسلہ نہیں دیکھیں گے، ایسے کئی لوگ ہیں جو انجانے میں اس سازش کا شکار ہو رہے ہیں، کوشش کریں گے ایسے محب وطن ایم این ایز کو صورتِ حال سمجھا سکے، اسپیکر نے فیصلہ کرنا ہے بریفنگ ان کیمرا کریں گے یا نہیں۔

متعلقہ خبریں