تہمتیں آپ کی اپنی عزت کم کرتی ہیں،سابق وزراء کا علیم خان کی پریس کانفرنس پر افسوس کا اظہار

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سابق وزراء فواد چوہدری اور حماد اظہر نے کہا ہے کہ علیم خان صاحب کی پریس کانفرنس پر سخت افسوس ہوا، عمران خان کی خصوصیت ہے کے اگر ان کا کوئی ساتھی بھی غلط کام کرے تو وہ اسے تحفظ نہیں دیتے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں فواد چوہدری نے لکھا کہ علیم خان صاحب کی پریس کانفرنس پر سخت افسوس ہوا، جب آپ کسی کے قریب رہے ہوں اور اختلافات ہو جائیں تو گفتگو میں تہمتیں آپ کی اپنی عزت کم کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ کے تمام گلے دوسرے سال کے ہیں، جب حکومت تھی اس وقت بات ہوتی تو کوئی وزن بھی تھا اس وقت الزامات اور رکیک حملے نامناسب ہیں۔ پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہا کہ عمران خان کی خصوصیت ہے کے اگر ان کا کوئی ساتھی بھی غلط کام کرے تو وہ اسے تحفظ نہیں دیتے۔

انہوں نے کہاکہ علیم خان صاحب، عمران خان سے آپ کو یہ توقع لگانا کے وہ نیب تحقیقات سے آپ کو بچاتے آپ کی غلطی تھی، اسی طرح عمران خان کسی کو کاروباری یا زمین کے معاملے میں قانون سے ہٹ کے فائدہ نہیں پہنچاتے۔جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ علیم خان کو پینڈورا پیپرز میں 14، 15 ارب روپے کا جواب دینا ہوگا۔علیم خان کی پریس کانفرنس پر ردِ عمل دیتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ علیم خان کے لگائے گئے الزامات اورغم و غصہ پر دکھ ہوا، وزیراعظم عمران خان کی جانب سے علیم خان کو جواب دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں شمولیت کے وقت علیم خان نے کوئی شرط نہیں رکھی تھی، علیم خان یہ باتیں اس وقت کرتے جب وہ پی ٹی آئی کے ساتھ تھے۔شہباز گل نے کہاکہ تحریک انصاف کے منشور اور علیم خان کے کاروبار میں کئی مواقع پر ٹکراؤ پیدا ہورہا تھا، علیم خان کو ملنے والا ووٹ عمران خان کی امانت ہے۔انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کے خلاف الزامات کے اگر ثبوت تھے تو پہلے دینے چاہیے تھے، علیم خان کو پینڈورا پیپرز میں 14، 15 ارب روپے کا جواب دینا ہوگا۔شہباز گل نے کہا کہ علیم خان کے اگر مقاصد پورے نہیں ہو سکے تو وہ الزام تراشی نہ کریں۔

متعلقہ خبریں