اب ن لیگ کو لگا عمران خان کے خلاف اسٹیبلشمنٹ سے نتھی ہو کر بڑی غلطی ہوگئی،فوادچوہدری

لاہور (نیوز ڈیسک) ملک میں موجودہ سیاسی صورت حال میں پی ٹی آئی رہنماء فواد چوہدری مسلم لیگ ن کی پالیسی سامنے لے آئے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سو پیاز اور سو چھتر کا محاورہ جس طرح ن لیگ پر صادق آتی ہے اس کی مثال ملنا مشکل ہے، اسٹیبلشمنٹ کی کھوکھ سے جنم لیا آپس میں طے کیا ایک بھائی پرواسٹیبلشمنٹ سیاست کرے گا دوسرا اینٹی اسٹیبلشمنٹ منجن بیچے گا، ایک کا منجن ناکام ہوا تو دوسرا آگے کردو، یہی فارمولا اگلی نسل میں ٹرانسفر کیا جا رہا ہے۔اپنے ٹویٹ میں فواد چوہدری نے لکھا کہ اب ن لیگ کو لگا عمران خان کے خلاف اسٹیبلشمنٹ سے نتھی ہو کر بڑی غلطی ہو گئی تو مریم نواز اب اینٹی اسٹیبلشمنٹ چورن بیچیں، جس کے ساتھ ہی عدلیہ کے خلاف بیانات شروع ہوگئے جب کہ فوج کے خلاف اگلے چند دنوں میں شروع ہو جائیں گے لیکن اس اسکیم میں خامی یہ ہے کہ لوگ 1990ء والے اب نہیں ہیں اور مقابلہ بھی عمران خان سے ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ن لیگ کی حکمت عملی ن لیگ کو سیاست سے مکمل باہر کر دے گی لیکن اداروں کو نقصان ہو گا ، ادارے اس گرداب میں اپنی قیادت کی غلطیوں سے پھنسے ہیں اپنی حدود میں رہتے تو کچھ نہیں تھا لیکن بہرحال اب اداروں کو ن لیگ نے ٹارگٹ کرنا ہے۔ قبل ازیں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے پاکستان کی آخری امید عدلیہ کو نشانے پر رکھ لیا ہے اس کے علاوہ فضل الرحمان اور زرداری بپھر گئے ہیں ، ڈیڑھ ماہ میں پنجاب کی وزارت اعلیٰ نے 2 مرتبہ حلف اٹھایا اور تیسرے کی تیاری ہے جب کہ اس سے بڑا معاشی بحران اور سیاسی عدم استحکام کیا ہوگاکہ ہفتے میں ڈالر 20 روپے مزید بڑھا ہے اور مفتاح سماعیل نے ایل پی جی پرلیوی بھی بڑھادی ہے ۔

متعلقہ خبریں