وزیراعظم کی سینئرصحافی اطہر متین کے قتل کی شدید مذمت

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے سینئرصحافی اطہر متین کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔وفاقی وزیر علی زیدی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں بڑھتے واقعات سندھ پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔امن وامان کی فضا کو خراب کرنے والے سخت سزاؤں کے مستحق ہیں۔خیال رہے کہ شہر قائد کے علاقہ ناظم آباد میں فائرنگ سے نجی چینل سما کے سینئر پروڈیوسر اطہرمتین جاں بحق ہوگئے۔ ایس ایس پی سنٹرل رانا معروف عثمان کے مطابق ملزمان شہری کو لوٹ رہے تھے۔

صحافی اطہر متین نے واردات ناکام بنانے کے لیے اپنی گاڑی سے ملزمان کی موٹرسائیکل کوٹکرماری جس سے ملزمان نیچے گرے اورغصے میں اطہرمتین کی کار پرفائرنگ کردی۔ملزمان نے اپنی موٹرسائیکل چھوڑی، پولیس کےمطابق گولیاں لگنے سے کار سوار موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جب کہ ملزمان سڑک عبور کرکے دوسری طرف سے ایک اور موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔ ایس پی گلبرگ طاہرنورانی کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفصیلات لے رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہےکہ ابتدائی تفتیش میں واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا لگتا ہے تاہم حتمی طور پر تفتیش کے بعد کچھ کہا جا سکتا ہے۔پولیس کے مطابق صحافی اطہر متین بچوں کو اسکول چھوڑ کر واپس گھر آرہے تھے، انہیں ایک گولی لگی جس سے ان کی موت واقع ہوئی،جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کی گولی کا ایک خول ملا ہے۔ اطہر متین نجی ٹی وی سماء سے منسلک تھے اور بطور پروڈیوسر ذمہ داریاں سر انجام دے رہے تھے جب کہ وہ معروف نیوز کاسٹر اور اینکر طارق متین کے بھائی تھے۔اطہر متین شہید کے پسماندگان میں دو بیٹیاں اور اہلیہ شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں