وفاقی وزیر خزانہ نے بھارتی وزیراعظم مودی کودورہ پاکستان کی دعوت دے دی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بھارتی وزیراعظم مودی کودورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بھارت سے تعلقات بہتر کرنے کے لیے تیار ہیں اور یہ بھارتی قیادت پر منحصر ہے کہ وہ تعلقات بہتر کرنا چا ہتے ہیں یا نہیں۔ وائس آف امریکا کو ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ نواز شریف کی بیٹی کی شادی پر بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی پاکستان آئے تھے، ان دنوں میری بیٹی کی شادی ہے وہ اس پر بھی آسکتے ہیں لیکن مسئلہ آنے جانے کا نہیں بلکہ تعلقات کو بہتر کرنے کی خواہش کا ہے۔وزیرخزانہ نے کہا ہے کہ مجھے بھارت سے کوئی اختلاف نہیں، میرے خود آباؤ اجداد وہاں دفن ہیں لیکن اس وقت بھارت کی آئیڈیا لوجی ایسی ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات ہوں۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اس کے باوجود ہم بھارت سے تعلقات بہتر کرنے کے لیے تیار ہیں ۔اور یہ بھارتی قیادت پر منحصر ہے کہ وہ تعلقات بہتر کرنا چا ہتے ہیں یا نہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا تھا کہ امریکہ میں آئی ایم ایف حکام سے ملاقات ہوئی ، وہ چاہتے ہیں کہ پیٹرول پر سبسڈی نہ دی جائے جب کہ حکومت بھی متفق ہے کہ ان سبسڈیز کے متحمل نہیں ہو سکتے اس لیے انہیں کم کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے نئی حکومت کے خلاف چال چلی اور نئی حکومت کو پھنسانے کے لیے پیٹرول کی قیمتیں بہت کم کردیں اور ملکی خزانے کو بہت نقصان پہنچایا۔

متعلقہ خبریں