وزیراعظم کا مئی کے مہینے تک لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی کرنے کا حکم

لاہور (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے مئی کے مہینے تک لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی کرنے کا حکم دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے لوڈ شیڈنگ میں کمی کیلئے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیل وگیس کا بندوبست ہونے تک عبوری اقدامات کو بہتر بنایا جائے ، جب تک عوام کو لوڈ شیڈنگ سے نجات نہیں ملتی چین سے بیٹھوں گا نہ کسی کو بیٹھنے دوں گا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف دور میں ملک میں اضافی بجلی کی وافر مقدار فراہم کی تھی ، عمران حکومت نے ایک یونٹ بھی سسٹم میں شامل نہیں کیا ، بروقت ایندھن خریدا گیا نہ کارخانوں کی مرمت کی گئی ، عمران حکومت نے سستی بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ بند کئے ، سابق حکومت نے مہنگی اور کم بجلی بنانے والے کارخانے استعمال کئے۔وزیر اعظم نے کہا کہ 6ارب میں ایل این جی کا جو ایک جہاز مل رہا تھا وہ 20 ارب میں پڑ رہا ہے ، عمران حکومت کا یہ ظلم قوم کو اس سال 500 ارب سے زائد میں پڑے گا ، توانائی کے شعبے کی تباہی کرکے معیشت دیوالیہ کرنے کی سازش کی گئی جب کہ نوازشریف دور میں ملک میں وافر مقدار میں بجلی فراہم کی تھی۔

ادھر دنیا نیوز کی ایک رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ لاہور، راولپنڈی ، فیصل آباد ، ملتان ، کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ، شہری علاقوں میں 6 گھنٹے اور دیہات میں 10 گھنٹے تک بجلی بند رہنا معمول بن چکا ہے ، جس کی وجہ سے روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بجلی کی پیداوار میں کمی کے باعث شارٹ فال مزید بڑھ گیا ، گرمی کی شدت بڑھتے ہی لیسکو کی بجلی کی طلب 4400 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی جب کہ لیسکو کو 3650 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے ، اسی طرح فیصل آباد اور راولپنڈی میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔بلوچستان میں بھی کچھ اسی طرح کی صورتحال ہے جہاں کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام پریشان ہیں ، کوئٹہ شہر میں 6 سے 7 گھنٹے اور مضافات میں 12 سے 13 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ صوبہ سندھ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ، صوبائی دارالحکومت کراچی کے علاقوں ملیر ، سعود آباد ، رفیع گارڈن ، ملیر سٹی ، گلستان جوہر سمیت کئی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے روزہ داروں کو شدید اذیت کا سامنا ہے۔

متعلقہ خبریں