راولپنڈی(نیوز ڈیسک)راولپنڈی میں سنگدل ماں کی اسپتال میں زیر علاج نومولود کو قتل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیا لوجی (آرآئی سی) اسپتال میں سگی ماں کم سن بچے کو مارنے کی کوشش کررہی تھی کہ وارڈ نرس نے موقع پرپہنچ کربچے کی جان بچائی۔راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیا لوجی میں ماں اور بچے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔اسپتال ذرائع کے مطابق انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بچے کی ماں سونیا بچے کو موت کے گھاٹ اتارنا چاہتی تھی، بچے کی عمر آٹھ ماہ ہے۔اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ بچہ دل کے عارضے میں مبتلا ہے اور اسپتال میں زیر علاج ہے۔
Update:
اسپتال انتظامیہ نے بچے کے انتقال کی تردید کی ہے، بتایا گیا ہے کہ یہ عورت اس بچے کی ماں ہے اور شوہر سے جھگڑے کی وجہ سے یہ اپنے بچوں کو مارنا چاہتی تھی لیکن اسپتال عملے نے موقع پر پہنچ کر بچے کی جان بچالی ہے ، خاتون کے شوہر نے مقدمہ درج نہیں کروایا https://t.co/Csrmw38VNO— Wahab Alvi (@TheWahabAlvi) August 24, 2021
ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ آر آئی سی میں خاتون کی طرف سے اپنے بچے کا گلا دبانے کا واقعہ 14 اگست 2021 کا ہے۔پولیس کے مطابق پولیس نے واقعہ پر فوری طور پر حسب ضابطہ کارروائی کا آغاز کیا تھا، خاتون سونیا بی بی کے شوہر منیر احمد نے پولیس کو دئیے گئے بیان میں بتایا کہ ہمارا پہلے بھی ایک بچہ نو سال زیر علاج رہنے کی وجہ سے فوت ہوگیا تھا۔خاتون کے شوہر منیر احمد نے بتایا کہ بچے کی وفات کی وجہ سے میری بیوی کی دماغی حالت درست نہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو راولپنڈی کی ٹیم نے بچے کو حفاظتی تحویل میں لے لیا۔