پرویز مشرف اس وقت پاکستان میں موجود ہیں،وہ خاموش ہیں،بول نہیں سکتے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) معروف صحافی ہارون الرشید نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف اس وقت پاکستان میں موجود ہیں۔92 نیوز کی رپورٹ کے مطابق سینیئر تجزیہ کار ہارون رشید کا کہنا ہے کہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف پاکستان آگئے ہیں ،میرے ایک جاننے والے ڈاکٹر مل کر آئے ہیں جنہوں نے کہا ہے کہ ہاں میں نے انہیں دیکھا ہے۔وہ خاموش ہے ،بول نہیں سکتے ،زندگی کی امید ختم ہو چکی ہے۔ان کی فیملی نے کہا ہے دبئی میں ہیں اگر وہ دبئی کے کسی ہسپتال میں ہیں تو ان کے خاندان کو بتانا چاہیے۔

ہارون رشید نے مزید کہا کہ میرے ذرائع تو یہی کہہ رہے ہیں کہ پرویز مشرف اس وقت پاکستان میں موجود ہیں ۔تاہم دوسری جانب سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے قریبی ذرائع نے سابق صدر کی پاکستان منتقلی اور راولپنڈی کے اسپتال میں زیر علاج ہونے کی خبروں کی تردید کردی۔پرویز مشرف کے قریبی ذرائع کے مطابق ان کی پاکستان منتقلی کی خبریں درست نہیں ہیں۔ سابق صدر کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف تاحال دبئی میں ہیں، ان کو دبئی سے پاکستان شفٹ کرنے کی سوشل میڈیا پر زیرگردش خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو دبئی سے پاکستان منتقل کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔اطلاعات میں دعویٰ کیا جارہا تھا کہ پرویز مشرف کو تین دن قبل دبئی سے اسلام آباد منتقل کیا گیا اور وہ راولپنڈی کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

پرویز مشرف کی وجہ سے اسپتال کی سکیورٹی سخت کرنے کی خبریں بھی سامنے آئیں، اس حوالے سے بتایا گیا کہ معمول کے تحت سکیورٹی الرٹ کیا گیا ہے۔ سابق صدر پرویز مشرف کی وطن واپسی سے متعلق حکومت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اگر وہ پاکستان آنا چاہیں تو حکومت انہیں سہولت فراہم کرے گی۔ چند روز قبل وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو وطن واپس لانے کے لیے سہولت فراہم کرنا چاہتے ہیں، مشرف کو سزا ہوئی تھی، وہ واپس آئیں اور عدالت ان کے معاملے کو دیکھے۔

متعلقہ خبریں