ن لیگ کے رہنما بلال یاسین اسپتال سے گھر منتقل، حملہ کروانے والے کا نام بھی بتا دیا

لاہور (نیوز ڈیسک ) مسلم لیگ ن کے رہنما بلال یاسین کو اسپتال سے گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسپتال سے گھر منتقل ہوتے ہی بلال یاسین نے حملہ آور کا نام بھی بتا دیا۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بلال یاسین نے کہا کہ ٹانگ میں فریکچر کے باعث تکلیف ہے لیکن اپنی صحت کے بارے میں مطمئن ہوں، اللہ نے نئی زندگی دی ہے۔انہوں نے کہا کہ حملہ میاں وکی نامی شخص نے کروایا لیکن میں نواز شریف کا سپاہی ہوں گھبرانے والا نہیں۔ یاد رہے کہ 31 دسمبر کو لاہور کے موہنی روڈ پر موٹر سائیکل سوار 2 نامعلوم افراد نے مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے تھے۔ ڈاکٹرز نے بتایا کہ بلال یاسین کو ٹوٹل دو گولیاں لگیں تھیں۔حملے میں ایک گولی بلال یاسین کے پیٹ کو چھو کر گزری ہے، زخم کی پٹی کر دی گئی ہے۔

بلال یاسین کی ہڈی پر لگنی والی گولی کا زخم زیادہ گہرا تھا۔ گذشتہ ہفتے مسلم لیگ ن کے رہنما بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کے کیس کی تحقیقات سی آئی اے پولیس کے حوالے کی گئی تھی۔ بلال یاسین پر حملے کا مقدمہ تھانہ داتا دربار میں درج ہے، ڈی آئی جی انویسٹیگیشن نے مقدمے کی تفتیش سی آئی اے کو دینے کے احکامات صادر کیے۔لیگی ایم پی اے بلال یاسین پر حملے میں اب تک 6 ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ کرنے والے شوٹرز کو پولیس تا حال گرفتار نہیں کر سکی۔ بلال یاسین پر ہونے والے قاتلانہ حملے سے متعلق دو دن قبل پولیس نے انکشاف کیا تھا کہ اس کیس میں دبئی اور برطانیہ سے گینگز آپریٹ کرنے والا انڈر ورلڈ مافیا کا کردار بھی سامنے آیا تھا۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ انڈر ورلڈ مافیا دبئی اور انگلینڈ سے مختلف گینگز کو آپریٹ کر رہا ہے، گینگ کے ارکان مختلف شوٹرز کی مدد سے لوگوں پر قاتلانہ حملے کرتے ہیں، انٹرنیٹ کے ذریعے گینگ کے شوٹرز کو ٹاسک دیا جاتا ہے، ایم پی اے بلال یاسین پر بھی گینگ کے شوٹرز نے حملہ کیا۔ ایم پی اے بلال یاسین پر قاتلانہ حملے میں سامنے آنے والے دو ناموں میں سے مرکزی ملزم ساجد گرما کی سابق انکاؤنٹر سپیشلسٹ عابد باکسر کے ساتھ تصویر منظر عام پر آئی تھیں۔

متعلقہ خبریں