عاطف رانا کا جیت کی خوشی میں کھلاڑیوں کیلئے کروڑوں روپے کے انعامات کا اعلان

لاہور (نیوز ڈیسک) پی ایس ایل 7 کی فاتح لاہور قلندرز کے سی او او عاطف رانا نے جیت کی خوشی میں کھلاڑیوں کے لیے کروڑوں روپے کے انعامات کیا ہے ۔ لاہور قلندرز کی جیت کے بعد ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں سے بات کرتے ہوئے عاطف رانا کا کہنا تھا کہ وہ تمام کھلاڑیوں کے شکر گزار ہیں جن کی وجہ سے ٹیم کو یہ جیت نصیب ہوئی ۔ انہوں نے محمد حفیظ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سے کہتا تھا کہ آپ ہمیں ٹائٹل جتوائیں گے اور آج آپ نے میرا کہا ثابت کردیا ، عاطف رانا نے حفیظ کے لیے 10 ہزار ڈالر کیش پرائز اور ایک آئی فون دینے کا اعلان بھی کیا۔

انہوں نے لاہور کی جانب سے ملتان سلطانز کیخلاف فائنل میں 41 ناٹ آئوٹ کی جارحانہ اننگز کھیلنے والے برطانوی کھلاڑی ہیری بروک کے لیے بھی آئی فون کا اعلان کیا ۔عاطف رانا نے شاہین آفریدی کے بارے میں کہا کہ شاہین کئی سالوں سے ہم سے گاڑی مانگ رہا تھا تو آج ہم اس کے لیے آئی فون اور ریوو گاڑی کا اعلان کرتے ہیں ۔ عاطف رانا نے پی ایس ایل 7 میں سب سے زیادہ 588 رنز سکور کرنے والے اوپنر فخر زمان کے لیے ہونڈا سٹی کار کا بھی اعلان کیا ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بشمول سپورٹ سٹاف لاہور کاجو کھلاڑی بھی آئی فون سے محروم رہ گیا ہے ،کپتان شاہین آفریدی کے کہنے پر اس کے لیے بھی آئی فون کا اعلان کیا جاتا ہے۔ لاہور قلندرز کے سی او او نے مزید کہا کہ سپانسرز کی جانب سے بھی کیش ایوارڈز دیئے جائیں گے جس کا اعلان کچھ دنوں بعد کیا جائے گا اور وہ پیسے آپ سب کے اکائونٹ میں ڈال دیئے جائیں گے۔ عاطف رانا نے مزید کہا کہ ہمارے سپانسر بینک آف پنجاب کی جانب سے 10 ملین روپوں کا اعلان کیا گیا ہے جس کے لیے ہم ان کے شکر گزار ہیں ۔

متعلقہ خبریں