جیمز فالکنر نے بے بنیاد الزامات لگا کر پاکستان کی مہمان نوازی، انتظامات کو داغدار کرنیکی کوشش کی،آفریدی

لاہور(نیوز ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل رائونڈر جیمز فالکنر کی جانب سے پی سی بی پر لگائے بے بنیاد الزامات کا جواب دے ڈالا ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ’’ جیمز فالکنر کے تبصروں سے مایوس ہوں جنہوں نے بے بنیاد الزامات لگا کر پاکستان کی مہمان نوازی اور انتظامات کو داغدار کرنے کی کوشش کی ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں ہمیشہ ہمارے ساتھ احترام کے ساتھ پیش آیا گیا اور کبھی بھی ہماری ادائیگیوں میں تاخیر نہیں ہوئی، کسی کو بھی پاکستان کرکٹ اور پی ایس ایل کے برانڈ کو داغدار کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے‘‘۔

یاد رہے کہ پی سی بی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی جیمز فالکنر کے سوشل میڈیا پر بیان کو مسترد کرتے ہوئے انہیں آئندہ پی ایس ایل کے کسی بھی سیزن میں حصہ نہ بنانے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ غیرملکی کھلاڑیوں کو 70 فیصد رقم ادا کی جاچکی ہے جب کہ بقیہ 30 فیصد ایونٹ کے بعد دی جائے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا موقف ہے کہ جیمز فالکنر کے ساتھ کوئی غلط بیانی نہیں کی گئی۔ فالکنر کے ساتھ معاہدے کی مکمل پاسداری کی ہے۔ پی سی بی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے فالکنر کے بیان کو غلط اور افسوس ناک قرار دیتے ہوئے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جس میں واضح کیا گیا ہے کہ فالکنر آئندہ کسی بھی پی ایس ایل کا حصہ نہیں بنیں گے۔

متعلقہ خبریں