شاہد آفریدی کی موٹروے پر حد رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹا سے زیادہ کرنے کی تجویز

لاہور(نیوز ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے موٹروے پر حد رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹا سے زیادہ کرنے کی تجویز دیدی ہے۔ شاہد آفریدی لاہور سے کراچی آ رہے تھے کہ مقررہ حد سے تیز گاڑی چلانے پر موٹر وے پولیس نے 1500 روپے کا جرمانہ کردیا۔ سابق کپتان نے موٹر وے پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قانون سب کیلئے برابر ہے۔ بعد ازاں سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے لکھا کہ ’’نیشنل ہائی وے پر شائستہ عملے کے ساتھ بات چیت کرنا اچھا لگا اور میں نے انہیں بہت پیشہ ور پایا، میری عاجزانہ تجویز ہے کہ ہمارے پاس بہت اچھی شاہراہیں ہیں جن پر حد رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ ہونی چاہیے‘‘۔خیال رہے کہ شاہد آفریدی نے 1996ء سے 2018ء کے درمیان 27 ٹیسٹ، 398 ون ڈے اور 99 ٹی ٹونٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ۔

ٹیسٹ کرکٹ میں شاہد آفریدی نے 36.51 کی اوسط سے 1716 رنز بنائے۔ ان کی سب سے شاندار ٹیسٹ اننگز انڈیا کیخلاف تھی جس میں انھوں نے 128 گیندوں پر 156 رنز بنائے تھے۔ آفریدی نے ٹیسٹ کرکٹ میں 5 سنچریاں اور 8 نصف سنچریاں سکور کیں، انہوں نے 48 وکٹیں بھی حاصل کیں ۔398 ایک روزہ میچوں میں شاہد آفریدی نے 8064 رنز بنا رکھے ہیں، جن میں 6 سنچریاں اور 39 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ شاہد آفریدی کو ون ڈے انٹرنیشنلز میں 32 بار میچ کا بہترین کھلاڑی جبکہ چار مرتبہ سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ایک روزہ میچوں میں ان کی کل وکٹوں کی تعداد 395 ہے جس میں ویسٹ انڈیز کے خلاف صرف 12 رنز کے عوض 7 وکٹیں ان کی بہترین کارکردگی ہے۔ 2009ء سے 2014ء تک شاہد آفریدی کی کپتانی میں پاکستان کی ون ڈے ٹیم نے 38 میچ کھیلے جن میں سے 19 میں اسے کامیابی ہوئی جبکہ 18 میں شکست۔ ان کی کپتانی میں پاکستان نے ورلڈ کپ 2011ء کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جہاں اسے انڈیا کی ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

متعلقہ خبریں