مذہب کی آڑ میں عوام کو گمراہ کرنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی،آصف زرداری

کراچی (نیوز ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مذہب کی آڑ میں عوام کو گمراہ کرنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کرنی ہوگی، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ سیاسی، سماجی ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کی، ہم ایسے معاشرے کیلئے کوشاں ہیں جہاں ہرشہری کیلئے ریاست جنت ہو، غریبوں اور بےسہارا لوگوں کو بھی عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔انہوں نے عید الاضحٰی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عید الاضحٰی کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، خوشی کے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو خاص طور یاد رکھا جائے، کشمیری عوام اس وقت ظلم ،جبر، اور بربریت کا سامنا کر رہے ہیں، تمام مسلمان اپنی دعاؤں میں مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی آزادی کی دعا بھی شامل کریں، کشمیریوں کو اس وقت سفارتی مدد کی سخت ضرورت ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ دنیا بھر میں آباد مسلمان بھائی اور بہنیں اپنے مظلوم کشمیریوں بھائیوں کی حمایت میں آواز بلند کریں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آج کا دن محبت اور قربانی کا درس دیتا ہے، آج عید کی خوشیوں میں غریبوں اور بے سہارا بھائیوں بہنوں کی مدد کرکے انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شریک کیا جائے، ہم سب کو مل کر ان عناصر کی حوصلہ شکنی کرنی ہوگی جو مذہب کی آڑ میں عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ سیاسی، سماجی ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کی ہے، ہم ایسے معاشرہ کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں جہاں ہر شہری کے ساتھ معاشی اور سماجی انصاف ہو اور ریاست ان کیلئے جنت ہو، پاکستان پیپلزپارٹی غربت ، سماجی ناانصافیوں اور جہالت کے اندھیروں کے خلاف جنگ لڑتی رہے گی۔

متعلقہ خبریں