ریسٹورنٹ میں بدتمیزی کاواقعہ، فواد چوہدری کا احسن اقبال کو برقع پہننے کا مشورہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)گذشتہ روز وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کے ساتھ ریسٹورنٹ میں خاتون کی بدتمیزی کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے،ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون اور بچے احسن اقبال کو دیکھ کر ’چور چور ‘ کے نعرے لگا رہے ہیں۔ویڈیو پر سوشل میڈیا پر مختلف قسم کا ردِعمل دیکھنے میں آرہا ہے۔جہاں کچھ صارفین نے اس رویے کی مذمت کی وہیں کچھ صارفین کا خیال ہے کہ یہ عوامی ردِعمل ہے جس کو روکنا ممکن نہیں۔اپنے ٹوئٹر پیغام میں احسن اقبال نے کہا کہ بھیرہ کے ایک ریسٹورنٹ میں ایک فیملی سے مڈ بھیڑ ہوئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ بظاہر خود کو ایلیٹ سمجھتی ہے مگر مکالمہ کی بجائے جاہلوں کی طرح نعرہ بازی شروع کر دی۔جب یہ نعرہ بازی سے باز نہ آئی تو لوگوں نے بھی نعرے لگا دئیے “گوگی پیرنی کا حساب دو” جیسا جاہل اور پاگل خود ویسے ہی پیروکار پیدا کر رہا ہے۔احسن اقبال کے اس ٹویٹ پر ردِعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے انہیں برقع پہننے کا مشورہ دیا۔فواد چوہدری نے کہا کہ سر ویڈیو میں تو صرف آپ کی بے عزتی نظر آئی ہے، آپ جھوٹ بولنا بند کریں اور لوگوں میں برقع پہن کر جایا کریں ۔

اس حوالے سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران کان کے میڈیا ایڈوائزر فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ جب وفاقی وزیر احسن اقبال قوم کو چائے کم پینے کا مشورہ دیں گے تو یہ بھگتنا ہی پڑے گا۔برگر شاپ میں احسن اقبال کی موجودگی کے نعروں پر تبصرہ کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ یہ برقع پہن کر نکلیں گے تب بھی پکڑے جائیں گے، احسن اقبال جیسوں کے لیے یہ بے عزتی والی بات نہیں۔انہوں نے کہا کہ لیگی قائدین نے بیرونی طاقتیں کی گود میں بیٹھ کر سازش کی، عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی تو لوگ کیسے انہیں چھوڑ دیں گے، احسن اقبال مشورے دیتے تھے کہ چائے کی آدھی پیالی پیو اور ملک بچ جائے گا، احسن اقبال جیسے کہتے ہیں کہ چمڑی جائے پر دمڑی نہ جائے۔انہوں نے کہا کہ چیری بلاسم کو پتا تھا ان کے ساتھ کیا ہونا ہے، چیری بلاسم کو بس وزیر اعظم بننے کا شوق تھا، زرداری صاحب ان کو وزیر اعظم بنا کر دور سے مزے لے رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں