رانا ثناءاللہ کو کسی سیاسی کیس میں نہیں پکڑا تھا بلکہ ان کے خلاف کیس اے این ایف نے بنایا تھا، اسد عمر

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کا کہناہے راناثناء اللہ کو کسی سیاسی کیس میں نہیں پکڑا تھا بلکہ ان کے خلاف اے این ایف کے حاضر سروس افسروں نے کیس بنایا تھا۔گذشتہ روزسابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اعتراف کیاتھا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں لیگی رہنما راناثناءاللہ پر جو 15کلو ہیروئن کا کیس بنایا گیا تھا وہ کیس جھوٹا تھا ۔انہوں نے ایکسپریس نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ راناثناءاللہ کے خلاف کیس پاکستان تحریک انصاف نے نہیں بنایا۔راناثناءاللہ کے خلاف کیس کس نے بنایا یہ ان سے ہی پوچھیں وہ اسمبلی میں بات کرتے رہے ہیں۔

جب فواد چوہدری سے سوال کیا گیا کہ شہریار آفریدی نے تو اس حوالے سے حلف بھی اٹھایا تھا۔جس کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ شہریار آفریدی نے غلط کیا تھا، جب وہ کابینہ میں یہ کیس لے کر آئے تو میں نے وہاں بھی اختلاف کیا تھا۔میں نے یہ کیس کرنے سے منع کیا تھا،یہ مقدمہ کبھی بھی نہیں درج کرنا چاہئیے تھا۔۔ قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر پر سنگین الزام عائد کیا تھا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ میرے پاس ثبوت ہیں کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے میرے خلاف مقدمے کے لیے ہیروئن کا تھیلہ اسلام آباد پولیس کے حوالے کیا ، اسلام آباد پولیس نے ان کی بات نہ مانی تو انہوں نے ایف آئی اے کو استعمال کیا، اگر ہیروئن میری ثابت ہو جائے تو مجھے سزا دیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں پہلے لوگوں کو گرفتار کیا جاتا تھا پھر مقدمات بنائے جاتے تھے لیکن ہم نے کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا اور نہ ہی کسی کے خلاف براہ راست مقدمہ بنایا ،

متعلقہ خبریں