اسلام اباد(نیوز ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اسد عمر نے نوجوانوں سے الیکشن کمیشن کا انتخابی نشان پوچھ لیا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اب جب کہ الیکشن کمیشن ایک غیر جانبدار ادارے کی بجائے ایک سیاسی فریق کے طور پر کام کر رہا ہے تو تجویز کرو کہ الیکشن کمیشن کو بطور سیاسی جماعت کس الیکشن نشان کے ساتھ رجسٹر کرنا چاہیے؟۔دوسری طرف پنجاب اسمبلی میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے خلاف قرار داد منظور کرلی گئی، قرارداد حکومتی رکن سید عباس شاہ نے ایوان میں پیش کی جسے ارکان کی جانب سے منظور کیا گیا، صوبائی اسمبلی سے منظور ہونے والی قرارداد میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا گیا۔
علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے ملاقات کرنے پر چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) سکندر سلطان راجہ کے خلاف جوڈیشل کمیشن میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ 15 روز میں سنانے کا امکان ہے۔ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس کے علاوہ پی ٹی آئی پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں، جہاں اس کی اکثریت ہے وہاں سے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف قراردادیں بھی منظور کرائے گی، اس کے ساتھ پارٹی کی جانب سے ایک اور اہم فیصلہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے مستعفی اراکین قومی اسمبلی کی 11 نشستوں پر الیکشن لڑے گی جن کے استعفوں کا حال ہی میں الیکشن کمیشن نے نوٹی فکیشن جاری کیا ہے۔