عمران خان بتائیں کیا انہیں جیل میں بند کردیا گیاہے؟ رانا ثناءاللہ

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر برس پڑے،اسلا م آباد میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان کی جانب سے ہراساں اور دیوار سے لگانے کے بیان پر وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان بتائیں کیا انہیں کوٹ لکھپت یا اڈیالہ میں بند کر دیا گیا،کیا عمران خان کا اے سی اتار دیا گیا،پنکھا بند کر دیا گیا یا ادویات بند کر دی گئیں۔عمران خان کو ڈی چوک پر بیٹھنے نہیں دیا گیا کیا یہ ہراساں کرناہے۔رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان سب کچھ اپنے مخالفین کے ساتھ 3 سال تک کرتے رہے ہیں۔ عمران خان کیا سوالات سے پریشان ہو رہے ہیں،جبکہ ابھی تو فرح گوگی سے متعلق سوالات پوچھے جا رہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے سوال اٹھایا کہ پنجاب سے اکٹھی ہونے والی رقم وزیراعلیٰ ہاؤس جاتی تھی یا بنی گالہ۔انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اراضی اسکینڈل میں 5 ارب روپے کا غبن کیا گیا،توشہ خانہ میں جو الزام لگا یا گیا وہ تمام ثبوت موجود ہیں۔عمران خان نے 458 کنال اراضی اہلیہ کے نام پر لی،جبکہ 200 سے زائد کنال فرح کے نام پر لی،اراضی اسکینڈل میں اقرار نامہ اور رجسٹری سب موجود ہے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عدلیہ سے اپیل کرتا ہوں میرے کیس کا سوموٹو لیں،عمران خان بتائیں وہ 15 کلو ہیروئن کس کی ہے،اگر ہیروئن میری ثابت ہو جائے تو مجھے کڑی سزا دی جائے،انہوں نے کہا کہ میرٹ پر کارروائی ہو گی اور قانون اپنا راستہ لے گا۔اس سے پہلے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان سیاسی مخالفین کے فون ریکارڈ کرواتے تھے،بشریٰ بی بی نے کہا تھا سائفر کو غداری سے جوڑو،28مارچ کو سائفر بشریٰ بی بی کی ہدایت پر جیب سے نکالا گیا،دوسروں کی آڈیو آجائے تو دھمال ڈالتے ہیں،عمران خان تب بولتے ہیں جب ان کے خلاف کوئی ثبوت سامنے آجائے۔

متعلقہ خبریں