پی ٹی آئی کی جانب سے بچھائی گئی سرنگوں کو عبور کرلیا ہے،خواجہ آصف

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے بچھائی گئی سرنگوں کو عبور کرلیا ہے ،ایسے ایم این ایز بھی ہیں جو گاڑی افورڈ نہیں کر سکتے ، بسوں میں آتے ہیں ،،خدا کیلئے ارکان ٹیکس چوروں کی سفارشات نہ کریں ،ہمیں اندرونی حالات بھی ٹھیک کرنا ہوگا، ٹیکس چور جو سیٹیں خرید کر آتے ہیں تو اس ایوان اور سینیٹ کے وقار پر دھبا لگتا ہے ،دعا کریں یوکرین روس کی جنگ بند ہوجائے بیرونی حالات ٹھیک ہو جائیں گے ۔جمعہ کو اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ ہمارے وزیر خزانہ نے بہت بہادری کے ساتھ یہ گزشتہ ماہ گزارے ہیں ،جو سرنگیں پی ٹی آئی بچھا کر گئی تھی ہم نے اسے عبور کرلیا ہیجس طرح ٹیکس رجیم بدلنے کا اعلان کیا ہے اس کی بھی تائید کرتا ہوں ۔

انہوںنے کہاکہ سگریٹ کی انڈسٹری کی برٹش ٹوبیکو اور فلپس کا ساٹھ فیصد حصہ ان کے پاس ہے ،وہ 191 ارب روپے کا ٹیکس ادا کررہے مگر دیگر چالیس فیصد صرف دو ارب کا ٹیکس دیتے ہیں ،یہ افسوس کی بات ہے کہ اس چالیس فیصد حصے کا ٹیکس میں نہیں لے سکتے کہ ان کے لوگ یہاں پہنچ چکے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اقتدار کے ایوانوں میں کوئی بھی بیٹھا ہو، ان کے تعلقات یہاں ہوتے ہیں جنہیں استعمال کیا جاتا ہے ،ایک ملک میں پاکستان کے امپورٹرز بیٹھے ہیں ان کے کاغذات وہاں بنائے جاتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ گاڑیوں میں امپورٹ میں تین بلین ڈالرز کا نقصان کیا گیا تو کیسے معیشت بہتر ہوگی پھر بھیک ہی مانگیں گے ۔

انہوںنے کہاکہ لوگوں نے کرکٹ ٹیمیں بنائی ہوئی ہیں، یہ امیر ترین کھرب پتی لوگ ہیں ،جب تک یہ سلسلہ ختم نہیں ہوگا یہ ہیمرج ختم نہیں ہوگا صرف خون کی بوتلوں سے مسئلہ حل نہیں ہوگا ۔انہوںنے کہاکہ افسوس کی بات ہے کہ سیاستدانوں کے ساتھ مذہبی لوگ بھی ان لوگوں کی سفارشات کرتے ہیں ،یہ مافیاز خود اب ان ایوانوں میں پہنچ گئے ہیں بات سفارش سے بھی اوپر چلی گئی ہے ،ہم سب ان لوگوں کو جانتے ہیں جو یہ سب کچھ کررہے ہیں، آپ بھی جانتے ہیں ،اس قوم کا اربوں کھربوں لوٹ کر عزت دار بننے کے ساتھ اس ایوان میں بھی پہنچ جاتے ہیں ،ہمیں اس ویسٹرن انٹرنسٹ نے بیڑیاں پھیلائی ہوئی ہیں، ہمیں جکڑا ہوا ہے،یہاں ایسے ایم این ایز بھی ہیں جو گاڑی افورڈ نہیں کرسکتے، بعض ارکان بسوں پر آتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ 62 کروڑ روپے کے لاہور گلبرگ گرین میں گھر کی قیمت لگائی یہ کوئی کھرب پتی تھا ،کچھ لوگ کہتے تھے کہ ملک ڈوب جائے گا ، ملک سری لنکا بن جائیگا، مگر یہ اس وزیر خزانہ اور وزیراعظم کی جرات ہے ،ایسے دن بھی آئے کہ ہمیں اگلے دن کا علم نہیں ہوتا تھا کہ حکومت یا معیشت بچے گی یا نہیں ،اس صورت حال پر کوئی زیادہ اچھا بجٹ پیش نہیں کرسکتے مگر کوشش کی ہے بہتر کرنے کی ،خدا کے لئے ارکان ٹیکس چوروں کی سفارشات نہ کریں جو اربوں کروڑوں کی ٹیکس چوری کرتے ہیں ،دعا کریں یوکرین روس کی جنگ بند ہوجائے بیرونی حالات ٹھیک ہو جائیں گے ۔انہوںنے کہاکہ ہمیں اندرونی حالات بھی ٹھیک کرنا ہوگا، ٹیکس چور جو سیٹیں خرید کر آتے ہیں تو اس ایوان اور سینیٹ کے وقار پر دھبا لگتا ہے ۔خواجہ آصف کی تقریر کے ساتھ ہی ایوان کی کارروائی پیر کی شام پانچ بجے تک ملتوی کردی گئی۔

متعلقہ خبریں