پی ٹی آئی نے وفاق میں حکومتی اتحاد توڑنے کے مشن پر کام شروع کردیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب میں حکومت حاصل کرنے کے بعد تحریک انصاف نے وفاق میں مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں کا حکومتی اتحاد توڑنے کے مشن پر کام شروع کردیا۔ سینئر صحافی نعیم اشرف بٹ نے رپورٹ کیا ہے کہ تحریک انصاف نے وفاق میں حکومتی اتحادیوں کی علیحدگی کے لیے رابطے شروع کردیے ہیں، اس سلسلے میں بی این پی، بی اے پی اور جماعت اسلامی سے رابطہ کیا ہے۔اس حوالے سے رہنما تحریک انصاف کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ رواں ہفتے تینوں جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتوں کا امکان ہے کیوں کہ فون پر ہونے والے رابطوں میں مذاکرات پر اتفاق ہوگیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے وفاق میں حکومتی اتحادیوں سے رابطوں کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، تحریک انصاف کی اس 5 رکنی کمیٹی میں پرویزخٹک، شاہ محمود قریشی، اسدعمر، فواد چوہدری اور اسد قیصر شامل ہیں اور اس کمیٹی کو بلوچستان عوامی پارٹی، جماعت اسلامی اور بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل گروپ سے رابطوں کا ٹاسک دیا گیا۔

علاوہ ازیں صوبہ پنجاب کے 20 حلقوں میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں کارکنان پر تشدد میں ملوث افسران کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے بھی کمیٹی قائم کردی ، پنجاب میں پی ٹی آئی کارکنان کیخلاف تشدد اور انتقامی کارروائیوں میں ملوث افسران کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے تحریک انصاف نے 5 رکنی کمیٹی قائم کی ہے، شفقت محمود کمیٹی کی سربراہی کریں گے ، عامر محمود کیانی ، ڈاکٹر یاسمین راشد ، عون عباس اور راجہ بشارت کمیٹی میں شامل ہیں ، اس حوالے سے سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر نے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔معلوم ہوا ہے کہ کمیٹی پنجاب میں تحریک انصاف کے کارکنان کے خلاف مقدمات کی تفصیلات جمع کرکے یہ مقدمات ختم کرانے کے اقدامات کرے گی ، اس کے علاوہ کمیٹی کارکنان کے خلاف مجرمانہ کارروائیوں کے مرتکب اور کارکنان کے خلاف انتقامی کارروائیاں کرنے والے افسران کو کٹہرے میں لائے گی۔ اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اسد عمر نے کہا کہ کوئی یہ نہ سمجھے ہم 25 مئی بھول گئے ، ہم بھولے ہیں نہ بھولنے دیں گے ، کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے جو جھوٹے پرچوں کو قانونی طریقہ کار سے ختم کرائے گی اور جن افسران نے لوگوں پر تشدد کیا اور غیرقانونی کارروائی کے مرتکب ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں