عوام کے اصل مسائل الیکشن کرانا نہیں بلکہ غربت دورکرنا اورملازمین کو ریلیف دینا ہے،چوہدری شجاعت

لاہور(نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے سربراہ ق لیگ چودھری شجاعت سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں وزیراعظم شہبازشریف نے چودھری سالک کے وفاقی وزیر بننے پرانہیں مبارکباد دی ، چودھری شجاعت نے کہا کہ سالک کو نصیحت کی ہے کہ تکبر اور منافقت کی سیاست سے بچیں، ق لیگ کے دونوں وزراء قومی سلامتی پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے،ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانا ہماری ترجیح ہے،عوام کے اصل مسائل الیکشن کرانا نہیں، عوامی مسائل غربت دورکرنا، مہنگائی کنٹرول کرنااور ملازمین کو ریلیف دینا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے سربراہ ق لیگ چودھری شجاعت سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں وزیراعظم شہبازشریف نے چودھری سالک کے وفاقی وزیر بننے پرانہیں مبارکباد دی ۔چودھری شجاعت نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سالک کو ہدایت کی ہے کہ تکبر اور منافقت کی سیاست سے بچیں، ق لیگ کے دونوں وزراء پاکستان کے مفاد اور قومی سلامتی پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے، ہمارے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے، چیلنجز پر قابوپانا ترجیح ہے، رواداری اور وضع داری ہمارا شیوہ ہے، ہمیں بزرگوں نے جو درس دیا وہی نوجوانوں کو دیا ہے۔اس سے قبل مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت نے کہا تھا کہ سالک حسین نے میرے مشورے سے شہباز شریف کو وزارت عظمی کا ووٹ دیا تھا۔ اپنے ایک وڈیو بیان میں کہا کہ میرے بیٹے چوہدری سالک حسین نے میرے مشورے سے شہباز شریف کو وزارت عظمی کا ووٹ دیا تھا۔ چوہدری سالک حسین نے وفاقی وزیر کا حلف بھی اٹھا لیا ہے۔ ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب ہوئی جس میں چوہدری شجاعت کے بیٹے سالک حسین ،مسلم لیگ ن کے جاوید لطیف اور بی این پی مینگل کے آغا حسن بلوچ نے بھی وفاقی وزراء کا حلف اٹھایا۔

واضح رہے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 3 وفاقی وزراء سے ان کے عہدے کا حلف لے لیا۔ایوان صدر میں ہونے والی تقریب حلف برداری میں صدر عارف علوی نے وفاقی وزراء جاوید لطیف، سالک چوہدری اور آغا حسن بلوچ سے حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں وزیراعظم شہباز شریف بھی موجود تھے۔ جن وفاقی وزراء نے عہدوں کا حلف لیا ان میں مسلم لیگ، ق لیگ اور بی این پی مینگل کے اراکین قومی اسمبلی شامل ہیں۔اس کے علاوہ صدر مملکت نے بی این پی کے محمد ہاشم نوتیزئی سے بھی وزیر مملکت کے عہدے کا حلف لیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کے ارکان سے خرابی صحت کی بنا پر حلف نہیں لیا تھا۔ دو روز قبل وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی سے ملاقات کر کے پنجاب اور دیگر صوبوں کے گورنرز کی تعیناتی اور تحریک عدم اعتماد کے دوران پیدا ہونے والی سیاسی کشیدگی کو کم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

متعلقہ خبریں