نواز شریف عید کے بعد پاکستان میں نظر آئیں گے، لیگی رہنما نے قائد کی وطن واپسی کی خبر دیدی

شیخوپورہ (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء اور رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف نے دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف عید کے بعد پاکستان میں نظر آئیں گے۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف پاکستان آکر آئین اور قانون کے مطابق مقدمات کا مقابلہ کریں گے اور ہمیں عدالتوں کے تمام فیصلے قبول ہوں گے۔بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے حلف نہ اٹھانے پر تبصرہ کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے وزیر خارجہ کے لیے بلاول کا ہی نام دیا تاہم بلاول بھٹو زرداری لندن واپسی پر وزیر خارجہ کا حلف اٹھائیں گے۔

دوسری طرف سابق وزیراعظم نوازشریف کو سفارتی پاسپورٹ جاری کرنے سے روکنے کی درخواست مسترد کر دی گئی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کوسفارتی پاسپورٹ جاری کرنے کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی ، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے 3 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا ، عدالت نے درخواست گزار پر 5 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔خیال رہے کہ ہفتے کے روز سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کرنے سے روکنے کی درخواست دائر کردی گئی تھی جس پر اسلام آباد کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی ، درخواست گزار نے نعیم حیدر نے وکیل کے ذریعے درخواست دائر کی ، درخواست میں کہا گیا تھا کہ نواز شریف اشتہاری مجرم ہے، پاسپورٹ جاری کرنے سے روکا جائے اور درخواست پر آج سماعت کرکے نواز شریف کی گرفتاری کا حکم دیا جائے۔نواز شریف کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کرنے سے روکنے کی درخواست پر رجسٹرار ہائی کورٹ آفس نے بینچ تشکیل دے دیا اور وکیل کی پیر کو سماعت کی استدعا منظور کرلی۔درخواست میں نواز شریف، سیکریٹری داخلہ، سیکرٹری خارجہ کو فریق بنایا گیا تھا ، درخواست میں نواز شریف کو واپسی پر گرفتار کرنے کی بھی استدعا کی گئی ۔

متعلقہ خبریں