تحریک انصاف کا وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان

لاہور (نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کا وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے نئے قائد ایوان کے انتخاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حمزہ شہباز نے پنجاب اسمبلی میں غنڈہ گردی کی روایت قائم کر دی، پنجاب کی تاریخ میں کبھی پولیس اسمبلی ہال میں داخل نہیں ہوئی۔ پرویز الٰہی کے فوٹوگرافر پر بھی قاتلانہ حملہ کیا گیا وہ شدید زخمی ہیں، اسمبلی گیلری کبھی آئینی نہیں ہوتی وہاں ووٹنگ کرائی گئی، وزیراعلیٰ انتخابی عمل نہیں مانتے اس کو چیلنج کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب عدالت میں چیلنج کریں گے، امید کرتے ہیں کہ عدالت ویسے ہی سوموٹو لےگی جیسے لیا گیا تھا، عدالت سے درخواست کرتے ہیں کہ اب اتوار کو بھی عدالت کھول لیں۔ دوسری جانب نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہبازشریف نے پنجاب اسمبلی اجلاس میں بطور قائد ایوان پہلے خطاب میں کہا کہ اللہ کی ذات کا شکر ادا کرتا ہوں سب تعریفیں اللہ کیلئے ہیں، وہ جسے چاہتا ہے عزت عطا فرماتا ہے، پچھلے دو ہفتوں میں قوم ہیجانی کیفیت میں مبتلا رہی، اجلاس بلایا گیا، اس کا ایجنڈا صرف قائد ایوان کا الیکشن تھا، ادھر سے حملہ ہوتا ہے اور اجلا س کی کاروائی چلنے نہیں دی جاتی، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بیان دیتا ہے الیکشن آئین و قانون کے مطابق ہوگا، لیکن اسپیکر معزز ممبران پر ایوان کے دروازے بند کردیتے ہیں، ڈپٹی اسپیکر کے اختیارات بند کردیے جاتے ہیں، آج پھر تیسری مرتبہ ایوان اکٹھا ہوا، کہ لیڈرآف اپوزیشن کا انتخاب ہونا ہے، ہم لابی میں بیٹھے ہوئے تھے تو ہمیں پتا چلا کہ آپ پر حملہ کیا گیا، یہ آپ پر نہیں ایوان پر حملہ تھا، وقت گزر جاتا ہے کردار یاد رہتے ہیں۔

متعلقہ خبریں