کسی کی غنڈا گردی برداشت نہیں، لاہور واقعے میں جو بھی ملوث ہےاسے قانون کے مطابق سزا ملے گی،ترجمان پاک فوج

لاہور(نیوز ڈیسک) لاہور واقعے کے حوالے سے ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ کسی کی غنڈا گردی برداشت نہیں، لاہور واقعے میں جو بھی ملوث ہے اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، اسے قانون کے مطابق سزا ملے گی، معاشرے کو پرتشدد رویوں سے باہر نکالنے کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب جمعرات کی شام کو لاہور میں پاک فوج کے افسر پر تشدد کے واقعے میں ن لیگ کے رہنماؤں سلمان رفیق اور حافظ نعمان کو نامزد کر کے گرفتار کر لیا گیا۔اے آر وائی نیوز کے مطابق تشدد کا نشانہ بننے والے فوجی افسر نے مقدمہ کے اندراج کیلئے دی گئی درخواست میں ن لیگی رہنماؤں کو بھی نامزد کیا۔

مدعی نے درخواست میں لکھا کہ سلمان رفیق اور حافظ نعمان کی ایما پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا حافظ نعمان اور سلمان رفیق ساتھ والی گاڑی میں تھے ملزمان کی ایما کے بغیر ملازمین تشدد نہیں کرسکتے۔بعد ازاں سلمان رفیق اور حافظ نعمان خود تھانے پیش ہوئے جہاں انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ اس سے قبل پولیس نے دونوں لیگی رہنماوں کے گارڈز کو بھی گرفتار کرلیا۔قائمقام سی سی پی او لاہور ڈی آئی جی انوسٹی گیشن شہزادہ سلطان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گزشتہ شام کلمہ چوک کے قریب افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں سیاسی جماعت کے رہنما کے پرائیویٹ گارڈز نے حساس ادارے کے ملازم کو تشدد کا نشانہ بنایا۔قائمقام سی سی پی او شہزادہ سلطان نے بتایا کہ راستہ نہ دینے پر پرائیویٹ گارڈز نے حساس ادارے کے افسر کو تشدد کا نشانہ بنایا، پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے ملوث چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا اور گاڑی قبضہ میں لے لی۔پولیس افسر نے مزید بتایا کہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے میرٹ پر تفتیش کی جا رہی ہے اور مقدمہ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی حساس ادارے کے افسر کو تشدد کا نشانہ بنانے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ خبریں