تحریک انصاف عامر لیاقت کے خلاف حرکت میں آ گئی،ایف آئی اے میں درخواست جمع

کراچی( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف عامر لیاقت کے خلاف حرکت میں آ گئی۔ پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے عامر لیاقت کے خلاف ایف آئی اے میں درخواست جمع کروا دی۔راجہ اظہر کی جانب سے جمع کروائی گئی درخواست میں کہا گیا کہ عامر لیاقت نے اپنے ٹویٹر اور فیس بک اکاؤنٹ سے قابل اعتراض ویڈیوز اپلوڈ کیں، وزیراعظم کے خلاف انتہائی قابل اعتراض زبان استعمال کی اور ان کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے۔درخواست میں کہا کہ سابق ایم این اے غلط الزامات لگا رہے ہیں جس سے ملک کے وزیراعظم کی عزت و وقار مجروح ہو رہا ہے۔رکن سندھ اسمبلی نے ایف آئی اے سے عامر لیاقت کے سوشل میڈیا پرقابل اعتراض ویڈیوز کو بلاک کرنے کی درخواست کی ،درخواست کے ساتھ عامر لیاقت کی ویڈیوز کے لنکس بھی شئیر کیے گئے۔

خیال رہے کہ عامر لیاقت حسین نے ایک ویڈیو پیغام میں کہاتھا کہ وہ قومی اسمبلی میں عمران خان کے خلاف ووٹ دیں گے۔عامر لیاقت حسین نے گزشتہ روز اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے کہا آپ سب کو معلوم ہے کہ اس وقت ملک میں ایک خطرناک قسم کا آئینی بحران ہے۔ مجھے امید ہے کہ آج سماعت کے دوران جناب چیف جسٹس عمر عطا بندیال صاحب لارجر بینچ کی روشنی میں اسملبلیاں بحال کردیں گے۔عامر لیاقت نے کہا میں بہت دکھ اور تکلیف کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ میں نے خان صاحب کا ساتھ پاکستان کے لیے، وطن کی عزت و حرمت کے لیے دیا تھا۔میں نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو ہٹانے کے لیے، فوج میں بغاوت کرانے کے لیے انہیں مینڈینٹ نہیں دیا تھا۔ عامر لیاقت نے اپنے پیغام میں دو، تین آڈیوز اور ویڈیوز کا بھی ذکر کرتے ہوئے ان ویڈیوز کو شرمناک، دردناک اور افسوسناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا عمران خان صاحب نے طاقت کے نشے میں اندھا ہوکر آئین کو پامال کیا۔ تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد وزیراعظم کسی بھی صورت قومی اسمبلی نہیں رک سکتا۔رکن قومی اسمبلی نے کہا میں 3 اپریل کو ووٹ دینے آیا تھا، دل کی تھوڑی تکلیف تھی، دیر سے پہنچنے کی وجہ سے باہر کھڑا رہ گیا تھا مجھے کسی نے اندر آنے نہیں دیا تھا لہذا میں آج یا کل یا جب بھی اسمبلی میں اجلاس ہوگا آرہا ہوں۔

متعلقہ خبریں