پنجاب اسمبلی کے علامتی اجلاس میں کثرت رائے سے قائد ایوان منتخب ہونے پر مریم نواز کی حمزہ شہباز کو گلے لگا کر مبارکباد

لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب اسمبلی کے علامتی اجلاس میں کثرت رائے سے قائد ایوان "منتخب” ہونے پر مریم نواز نے حمزہ شہباز کو گلے لگا لیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کی عمارت میں صوبائی اسمبلی کا اجلاس نہ ہونے کے بعد اپوزیشن کی جانب سے لاہور کے نجی ہوٹل میں علامتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ علامتی اجلاس کی صدارت چیئرمین پینل کی رکن شازیہ عابد نے کی جب کہ حمزہ شہباز سے اظہار یکجہتی کے لیے مریم نواز بھی اجلاس میں شریک ہوئیں۔اجلاس میں تحریک اںصاف کے باغی گروپس کے اراکین نے بھی شرکت کی۔ علامتی اجلاس میں 199 اراکین نے حمزہ شہباز کے حق میں قرارداد منظور کر کے انہیں قائد ایوان "منتخب” کر لیا۔

اس موقع پر مریم نواز نے آگے بڑھ کر حمزہ شہباز کو گلے لگا لیا اور انہیں مبارکباد بھی دی۔جبکہ بعد ازاں مریم نواز نے علامتی اجلاس کو آئینی و قانونی اجلاس بھی قرار دیا، اور کہا کہ حمزہ شہباز دل و جان سے پنجاب کی خدمت کرے گا۔اس سے قبل ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کو ایوان میں داخل ہونے سے روک دیا گیا تھا۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی پہنچ کر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی مجھے چھوڑنا چاہتی ہے لیکن میں آج بھی پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں،جس دن پی ٹی آئی کو چھوڑا باقاعدہ میڈیا کے سامنے چھوڑنے کا اعلان کروں گا، میں کسی سے ڈرتا نہیں ہوں۔انہوں نے کہا کہ شہبازگل جھوٹا شخص ہے اس کا کام ہی جھوٹ بولنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، اس سے پتا لگتا ہے یہ حوصلے کھو بیٹھے ہیں، میں نے اپنے قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس کہیں بھی بلا سکتے ہیں، کوشش کریں گے آج ہی اجلاس منعقد کریں۔ جبکہ اس تمام صورتحال میں ترجمان پنجاب اسمبلی نے کہا کہ جب اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد آجائے تو وہ کسی بھی اجلاس کی صدارت نہیں کرسکتا، آئینی طور پر ڈپٹی اسپیکر کسی بھی اجلاس کی صدارت کے مجاز نہیں ہیں، اگر وہ ایسا کریں گے تو آئین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوں گے۔

متعلقہ خبریں