سینئرصحافی اطہر متین کے بھائی نے قانون نافذ کرنے والے ادارے کو واقعے کے ذمہ دار ٹھہرا دیا

کراچی (نیوز ڈیسک) سینئرصحافی اطہر متین کے قتل پر ان کے بھائی نے واقعہ کا ذمہ دار قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ٹھہرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل پر بات کرتے ہوئے شہید اطہر متین کے بھائی طارق متین نے کہا کہ سعید غنی نے ہمیں کچھ تحقیقات سے آگاہ کیا ہے لیکن تحقیقات سے متعلق ابھی کچھ بتانا مناسب نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس واقعے کے ذمہ دار ہیں۔ میڈیا فیملی نے میرا بہت ساتھ دیا ہے اور آج شام پریس کلب میں صحافی دوستوں سے ساتھ مل کر لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

صحافی طارق متین نے کہا کہ میں نے جائے وقوعہ پر جا کر لوگوں سے پوچھا، تو لوگوں کا کہنا تھا کہ یہاں پر تو ایسی وارداتیں روز ہوتی ہیں۔ریٹائرمنٹ کی بات کرنے پر پورا سندھ پولیس ڈیپارٹمنٹ احتجاجاً چھٹی پر چلا جائے گا لیکن یہ لوگ ایسے واقعات پر جذباتی نہیں ہوتے۔جتنے محفوظ ہم ہیں اتنا ہی محفوظ بلاول بھٹو اور چیف جسٹس کو بھی ہونا چاہیے، یہاں شہری چوروں کی طرح اور چور شہریوں کی طرح رہ رہے ہیں۔ دوسری جانب سینئر صحافی اطہرمتین کی شہادت کے تیسرے روز بھی صرف دعوے ہی کئے جارہے ہيں اور پوليس ملزمان کا کوئی سراغ نہيں لگاسکی۔ ملزمان واردات کے بعد اہم ثبوت اپنی موٹرسایئکل تک چھوڑ کر فرار ہوئے لیکن پولیس اب تک اصل ملزمان تک نہیں پہنچ سکی ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ موٹرسایئکل کے ذریعے 3 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ جمعہ 18فروری کی صبح کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی کے قریب کار پر فائرنگ سے نجی ٹی وی چینل سماء ٹی وی کے سینیئر پروڈیوسر و صحافی اطہر متین شہید ہوگئے تھے۔

متعلقہ خبریں