موٹروے پر نامعلوم ملزمان بھاری تعداد میں اسلحہ پھینک کر فرار ہوگئے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) موٹروے پر نامعلوم ملزمان بھاری تعداد میں اسلحہ پھینک کر فرار ہوگئے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان موٹروے پولیس سے معلوم ہوا ہے کہ پشاور کے نزدیک ایم ون سروس روڈ پر اسلحہ کی بھاری کھیپ اسمگل کی جارہ تھی کہ اس دوران مؤثر پٹرولنگ کی وجہ سے ملزمان اسلحہ چھوڑ کر فرار ہوگئے ، موٹر وے پولیس کی جانب سے قبضے میں لیے گئے اسلحے میں اسنائپر رائفل ، مختلف بور کے 65 پسٹل ، 1 کلاشنکوف ، 20 بارہ بور رائفلیں ، ایم سولہ ٹائپ 2 رائفلز ، 72 میگزینز اور ہزاروں کی تعداد میں گولیاں شامل ہیں ۔بتایا گیا ہے کہ اسلحے کی برآمدگی اور
اسمگلنگ کے بارے میں مزید تفتیش کا عمل جاری ہے ، اس حوالے سے تحقیقات کے لیے موٹروے پر لگے سی سی ٹی فوٹیجز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبہ خیبرپختونخوا سے بھاری مقدار میں اسلحہ پنجاب اسمگل کرنے کی کوشش بھی ناکام بنائی گئی تھی ، اسلحہ گاڑی کے ذریعے پنجاب اسمگل کیا جانا تھا جس کی پولیس کو خفیہ اداروں نے بروقت اطلاع کردی ، جس کے نتیجے میں پشاور کے علاقے آغا میر جانی شاہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئےغیر قانونی اسلحہ پنجاب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ، اس آپریشن میں ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا ، جس کا تعلق افغانستان سے ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ اس کارروائی کے نتیجے میں میں گاڑی سے 2 عدد کلاشنکوف ، 42 عدد پستول ، 3 عدد ایم فور رائفل اور 6 ہزار سے زائد مختلف بور کے کارتوس بھی برآمد ہوئے جب کہ ملزم کو مزید تحقیقات کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ دوسری جانب شمالی وزیرستان میں پاک فوج اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، اس دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی رپورٹ کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے شیواہ میں پاک فوج اور دہشت گردوں کے درمیان بدھ کے روز فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، فائرنگ کے اس تبادلے میں انتہائی مطلوب اور خطرناک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا گیا ، جب کہ پاک فوج کے آپریشن کے دوران بھاری اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔

متعلقہ خبریں