یونین کونسل نہ چلانے کا تجربہ رکھنے والے عمران نیازی کو وزیراعظم بنایا گیا،احسن اقبال

جہلم(نیو ز ڈیسک) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ یونین کونسل نہ چلانے کا تجربہ رکھنے والے کوعمران نیازی کو وزیراعظم بنایا گیا،عمران خان نے کوئی دیوار ،کوئی موڑ نہیں چھوڑا جہاں معیشت کی گاڑی کھائی میں نہیں پھینکی، معیشت کا انجن پنجر ہلا کرشیرازہ بکھیر دیا اور اب عوام کو کلمے پڑھا رہا ہے، ایک خاتون کی ویڈیو بناکر چیئرمین نیب کو بلیک میل کیا گیا اوراپنے کیسز بند کرائے، جبکہ ن لیگی قیادت کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بدترین معاشی حالات سے گزر رہا ہے،عمران نے ملک کو دیوالیہ کرنے کی پوری کوشش کی، گزشتہ حکومت نے جاتے وقت سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے منصوبے شروع کیے۔

انہوں نے کہا کہ یونین کونسل نہ چلانے کا تجربہ رکھنے والے کوعمران نیازی کو وزارت عظمیٰ دی گئی، جس موٹرسائیکل چلانی نہ آتی ہو، وہ کسی دیوار میں لگے گا، اپنا سر بھی پھاڑے گا اور موٹرسائیکل بھی توڑے گا،عمران خان نیازی جس نے زندگی میں کبھی یونین کونسل نہیں چلائی تھی، جب اس کو وزارت عظمیٰ کی گاڑی کی چابی دے دی گئی، اس نے کوئی دیوار نہیں چھوڑی، کوئی موڑ نہیں چھوڑا جہاں گاڑی کھائی میں نہیں پھینکی، آج پاکستان کی معیشت کا انجن پنجر ہلا کرشیرازہ بکھیر کر عوام کو کلمے پڑھا رہا ہے، لوگوں کو اسلام کا درس دے رہا ہے، اسلام اس بات کا درس دیتا ہے جو کہو اس پر عمل کرکے دکھاؤ۔آج یہ بات ریکارڈ پر آگئی ہے کہ ایک خاتون کی ویڈیو بناکر چیئرمین نیب کو بلیک میل کیا گیا اوراپنے کیسز بند کرائے ، اگر بلیک میل نہ کیا جاتا تو عمران خان کی آدھی کابینہ جیل کے اندر ہوتی ،اس کے برخلاف نیب چیئرمین کو بلیک میل کرکے جھوٹے مقدمات بنائے، ہم عدالتوں سے سرخرو ہوکر نکلے، کسی کو دوسال ، کسی کو ڈیڑھ سال اور کسی کو چھ ماہ جیل میں رکھا لیکن ایک پیسے کی کرپشن نہیں نکلی، میں نے عمران خان اور شہزاد کو چیلنج کیا تھا کہ 32ارب کے ترقیاتی کام کرائے 32پیسے کی کرپشن ثابت کردو ہم قومی مجرم ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان آج جو سڑکوں پر دھکے کھا رہا ہے، اور رسوائی کما رہا ہے، یہ سزا اس کی نحوست کی وجہ سے ہے، جو لوگوں کی کردار کشی کی گئی، جھوٹ بولے گئے۔مسلم لیگ ن پاکستان کی ماں ہے، ماں کبھی اپنے بچے کو قتل ہوتے نہیں دیکھ سکتی، مسلم لیگ ن نے سیاسی ساکھ کو داؤ پر لگا کر پاکستان کو بچانے کی سیاست کی ہے، پاکستان جب چھ ماہ میں دوبارہ پاؤں پر کھڑا ہوگا تو مجھے یقین ہے عمران خان کی سیاست مٹ جائے گی۔

متعلقہ خبریں