ڈپٹی اسپیکر نے غیرآئینی کام کیا ، سپریم کورٹ جارہے ہیں ،بلاول بھٹو

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر نے غیرآئینی کام کیا ، سپریم کورٹ جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا ہے کہ جب تک ہماراآئینی حق نہیں دیا جائے گا ، ہم دھرنا دیں گے کیوں کہ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے آج غیر آئینی کام کیا ہے اور پاکستان کے آئین کو توڑنے کی سزا واضح ہے ، عدم اعتماد آج ہی ہونی ہے اس لیے متحدہ اپوزیشن نے فیصلہ کیاہے کہ قومی اسمبلی میں دھرنا دیں گے ، وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد آ چکی ہے وہ اسمبلی تحلیل نہیں کر سکتے ، ہم اپنے وکلاکے ذریعے سپریم کورٹ جارہے ہیں۔

ادھر پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک کو انتشار کی طرف دھکیل دیا ، یہ کسی غداری سے کم نہیں ہے ، انہوں نے کہا کہ نیازی اور اس کے ساتھیوں کو اسکوٹ فری نہیں جانے دیا جائے گا ، آئین کی صریح اور ڈھٹائی سے خلاف ورزی کے نتائج برآمد ہوں گے ، امید ہے سپریم کورٹ آئین کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی کیوں کہ یہ کسی بڑی غداری سے کم نہیں ہے ، عمران خان نے ملک کو انتشار کی طرف دھکیل دیا ہے۔

متعلقہ خبریں