ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے تحریک عدم اعتماد مسترد کردی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) قومی اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر اسمبلی قاسم سوری نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ نہیں کرائی اور اسے غیر آئینی قرار دے کر مسترد کردیا۔ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا ۔ تلاوت کلام پاک سے قومی اسمبلی اجلاس کا آغاز ہوا۔اجلاس مقررہ وقت سے 38 منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔ اجلاس شروع ہوتے ہی پی ٹی آئی ارکان نے عمران خان کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے کون بچائے گا پاکستان، عمران خان عمران خان کے نعرے لگائے۔ تحریک انصاف کے 17 ارکان قومی اسمبلی اپوزیشن لابی میں بیٹھے ہیں۔

ڈپٹی اسپیکر نے پہلے وقفہ سوالات شروع کرایا جس میں فواد چوہدری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 7 مارچ کو ہمارے سفیر کو طلب کیا جاتا ہے اور اس میٹنگ میں ہمارے سفیر کو بتایا جاتا ہے کہ عمران خان کیخلاف عدم اعتماد پیش کی جا رہی ہے اور پاکستان سے تعلقات کا دارومداد اس عدم اعتماد کی کامیابی پر ہے، ہمیں کہا گیا کہ اگر عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوتی تو آپ کا اگلا راستہ سخت ہوگا۔فواد چوہدری کی گفتگو کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے قائد حزب اختلاف کی جانب سے پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ نہیں کرائی۔ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے تحریک عدم اعتماد کو آئین و قانون کے منافی قرار دے کر مسترد کردیا اور اجلاس کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا۔تحریک عدم اعتماد کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اور خصوصا ریڈ زون میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے جبکہ شہر اقتدار میں دفعہ ایک سو چوالیس بھی نافذ کردی گئی ہے، علاوہ ازیں میٹرو بس سروس کو بھی غیرمعینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں