بابر اعظم کی آئی پی ایل میں قیمت 15 سے 20 کروڑ لگے گی، شعیب اختر

لاہور (نیوز ڈیسک ) پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا خیال ہے کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ون ڈے اور ٹی ٹونٹی رینکنگ کے نمبر 1 بلے باز بابر اعظم کی مالیت 15 سے 20 کروڑ ہے۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا 15 واں ایڈیشن اس وقت جاری ہے جس میں پاکستانی کھلاڑیوں کے علاوہ تمام بڑے ممالک کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔راولپنڈی ایکسپریس اس وقت آئی پی ایل کے لیے سپورٹسکیڈا کے ساتھ منسلک ہے اور سابق آف سپنر ہربھجن سنگھ کے ساتھ میچ کا جائزہ لیتے ہیں۔ دنیا کے تیز ترین فاسٹ بولر نے بھی اپنے خیال کا اظہار کیا کہ بابر اعظم کو آئی پی ایل میں ویرات کوہلی کے ساتھ کھیلتے دیکھنا کتنا بڑا کام ہوگا۔ شعیب اختر نے کہا کہ بابر اعظم اور ویرات کوہلی کو ایک دن آئی پی ایل میں ایک ساتھ اننگز کا آغاز کرتے دیکھنا بہت اچھا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ کتنا دلچسپ لمحہ ہوگا کہ نیلامی میں بابر اعظم 15 سے20 کروڑ بھارتی روپے میں فروخت ہوگا اور پاکستان کا سب سے مہنگا کھلاڑی ہوسکتا ہے۔

یاد رہے کہ واحد سیزن جس میں پاکستانی کھلاڑی شامل تھے وہ 2008ء کا افتتاحی سیزن تھا جس میں کل 11 پاکستانی کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا۔ اس سیزن میں شاہد آفریدی کو دکن چارجرز نے 2.71 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا، محمد آصف کی خدمات دہلی ڈیئر ڈیولز نے2.61 کروڑ بھارتی روپے کے عوض حاصل کیں، شعیب ملک کو دہلی ڈیئر ڈیولز نے 2 کروڑ بھارتی روپوں میں خریدا، شعیب اختر نے اس سال کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی جانب سے 1.7 کروڑ کے عوض نمائندگی کی تھی ، یونس خان کو راجستھان رائلز نے 90.36 لاکھ روپوں کے عوض خریدا تھا، عمر گل نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی جانب سے 60.24 لاکھ کے عوض کھیلا، کامران اکمل راجستھان رائلز کی جانب سے 60 لاکھ روپوں کے عوض کھیلے، مصباح الحق نے رائل چیلنجرز بنگلور کے لیے 50.2 لاکھ روپے لیکر نمائندگی کی، سلمان بٹ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی جانب سے 40.16 لاکھ روپے لیکر کھیلے، محمد حفیظ کی خدمات کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 40.16 لاکھ روپوں کے عوض حاصل کیں، سہیل تنویر نے راجستھان رائلز کی جانب سے 40.16 لاکھ روپے کے عوض کھیلا تھا۔

مندرجہ بالا 11 کھلاڑیوں کی فہرست کے علاوہ سابق آل راونڈر اظہر محمود 2012ء ، 2013ء اور 2015ء میں تین سیزن کے لیے آئی پی ایل کا حصہ رہے، انہیں 2011ء میں برطانوی پاسپورٹ حاصل کرنے کے بعد آئی پی ایل میں شرکت کی اجازت دی گئی۔ سابق آل راؤنڈر نے کنگز الیون پنجاب کے لیے 2012ء میں 1 کروڑ 54 ہزار جب کہ 2013ء میں 1 کروڑ 654 ہزار بھارتی روپوں کے عوض کھیلا، 2015ء میں انہوں نے 50 لاکھ بھارتی روپوں کے عوض کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کی تھی ۔

متعلقہ خبریں