پی ایس ایل میں جتنے بھی کپتان آئے ان کو دیکھ کر خوشی ہوئی،محمد رضوان

لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان سپر لیگ سیزن 7 کی ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے اپنے غصے میں نہ آنے سے متعلق گفتگو کی ہے۔ پی ایس ایل 7 کے دوران محمد رضوان پریشر میں بھی اپنے ٹھنڈے مزاج اور ہر وقت مسکراتے رہنے کے سبب خاصے مقبول ہوئے جس کی ویڈیوز اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی نظر آئیں۔ پی ایس ایل 7 کے فائنل میں لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست کے بعد گفتگو کرتے ہوئے رضوان کا کہنا تھا کہ خود کو ٹھنڈا رکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔

رضوان نے کہا میری کوشش ہوتی ہے کہ میں کسی پر غصہ نہ کروں کیوں کہ ہم سب انسان ہیں اسی لیے ہر انسان سے غلطی ہوتی رہتی ہے لیکن پھر بھی اگر کوئی ایسی چیز نظر آئے جس سے ٹیم یا قوم کا نقصان ہوتا دیکھوں تو غصہ بھی کرتا ہوں لیکن ساتھ ساتھ میں یہ بھی جانتا ہوں کہ سامنے والا بھی میری طرح انسان ہے لہٰذا کوشش کرتا ہوں خود کو ٹھنڈا رکھوں۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل میں جتنے بھی کپتان آئے ان کو دیکھ کر خوشی ہوئی، ایونٹ کے انعقاد سے ہر کھلاڑی کو سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے فائنل مقابلے میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 42 رنز سے شکست دے کر پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔

متعلقہ خبریں