سردار ایازصادق اورخواجہ سلمان رفیق کے مستعفی ہونے کی وجوہات سامنے آگئیں

لاہور(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیرسردار ایاز صادق اور خواجہ سلمان رفیق کے مستعفی ہونے کی وجوہات سامنے آگئیں، سردار ایازصادق اور سلمان رفیق نے انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئے استعفا دیا، دونوں لیگی رہنماء کل سے ضمنی انتخابات میں بھرپور مہم چلائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے ضمنی انتخابات جیتنے کیلئے حکمت عملی بنا لی، سردار ایاز صادق اور سلمان رفیق کو الیکشن مہم کیلئے میدان میں اُتار دیا ہے، ایاز صادق اور سلمان رفیق ضمنی انتخابات میں الیکشن مہم میں حصہ لینے کیلئے مستعفی ہوگئے ہیں، کل سے ایاز صادق اور سلمان رفیق ضمنی انتخابات میں بھرپور مہم چلائیں گے۔

اس سے قبل پنجاب کابینہ کے ایک وزیرخواجہ سلمان رفیق نے ذاتی وجوہات کی بناء پر وزارت سے استعفا دے دیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے خواجہ سلمان رفیق کا استعفا منظور کرلیا ہے، ایوان وزیراعلیٰ نے خواجہ سلمان رفیق کے استعفے کا مراسلہ منظوری کیلئے گورنر پنجاب کو بھجوا دیا ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق اپنی وزارت سے مستعفی ہوگئے ہیں، انہوں نے اپنا استعفا وزیراعظم شہباز شریف کو بھجوا دیا ہے۔سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ وزارت سے استعفا ذاتی وجوہات کی بناء پر دے رہا ہوں ،میں پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کرتا رہوں گا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ اور اسلامی تحریک پاکستان کے درمیان مفاہمت طے پاگئی،اسلامی تحریک پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی ضمنی انتخابات میں حمایت کرے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر خان نے کہاکہ پنجاب کے 20 حلقوں میں 17 جولائی کو ضمنی انتخابات ہورہے ہیں، حمایت پر پاکستان اسلامی تحریک کے شکر گزار ہیں، اس مفاہمت سے اتحادی حکومت کو عوام کی خدمت کا مزید موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ سب جماعتوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں،توقع ہے یہ تعاون 2023ء میں بھی جاری رہے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کوشش ہے کہ مفاہمت کی فضاء کو آگے بڑھائیں، عام انتخابات کیلئے مستقبل کے تعاون پر بات چیت جاری ہے۔ علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میسوی نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے تمام 20 حلقوں میں امیدواروں کی حمایت کرتے ہیں، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سے امور پر بات چیت کے بعد مفاہمت ہوئی،یہ فیصلہ قوم اور ملت کے بہترین مفاد میں کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں