ایازصادق کی مفتاح اسماعیل کو ڈاکوؤں سے تشبیہ دینے کی ویڈیو وائرل

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما ایازصادق کی جانب سے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو ڈاکوؤں سے تشبیہ دینے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنماء اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جب مفتاح صاحب ٹی وی پر آتے ہیں تو لوگ گھبرا جاتے ہیں کہ کچھ بڑھنے والا ہے ، جس طرح ایک زمانے میں کہتے تھے بچے کو سلانا ہو تو کسی ڈاکو کا نام لے لو۔انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ جب مفتاح اسماعیل قیمتیں بڑھا رہے تھے تو کچھ ایسے مواقع بھی آگئے تھے کہ جیسے ہم ان سے صرف باتوں ہی نہیں ہاتھوں سے بھی نمٹنے کو تیار تھے۔

علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء سردار ایاز صادق نے اپوزیشن میں بیٹھنے پر جماعت اسلامی کے ایم این اے مولانا عبدالاکبر چترالی کو نااہلی ریفرنس کی دھمکی دی تھی ، قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے عبدالاکبر چترالی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چترالی صاحب فیصلہ کرلیں انہیں ہمارے ساتھ بیٹھنا چاہیئے ، عبدالاکبر چترالی کے خلاف ریفرنس تیار ہے ، یہ سب کے دوست ہیں اس لیے کارروائی نہیں کر رہے ، اکبر چترالی اگر حکومتی بینچز پر نہیں بیٹھتے تو ریفرنس آ سکتا ہے ، اس لیے ہمارے ساتھ بیٹھیں اور عوام کے مسائل حل کریں۔بعد ازاں مسلم لیگ ن کے رہنماء ایاز صادق کی جانب سے نا اہلی کے ریفرنس کی دھمکی پر مولانا عبدالاکبر چترالی کا ردعمل آگیا ، جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے ایم این اے نے کہا ہے کہ ن لیگی رہنما سردار ایاز صادق نے حکومت کا ساتھ نہ دینے پر ریفرنس لانے کی کھلی دھمکی دے دی ، قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی ایک آواز بھی برداشت نہ ہوئی ، یہ پاکستان کی سیاسی اشرافیہ کا عام آدمی کے نمائندے کے ساتھ سلوک ہے ، جس پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے جواب دینے کا موقع بھی نہ دیا۔

متعلقہ خبریں