حکومت چیف الیکشن کمشنر پر مہربان، اہلیہ اہم ترین عہدے سے نواز دیا

اسلام آباد، چک جھمرہ (نیوز ڈیسک) حکومت کی چیف الیکشن کمشنر پر مہربانیاں جاری ہیں، چیف الیکشن کمشن سکندر سلطان راجہ کی اہلیہ کو چیف کلیکٹر کسٹمز اپریزمنٹ تعینات کر دیا گیا۔ اس پر پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے شدید تنقید کی اور ٹوئٹ میں کہا کہ چیف الیکشن کمشنر بہادر کو ہے مبارک، ہونہار بروا کے چکنے چکنے پات۔ ٹوئٹ میں کہا کہ چیف الیکشن کمشنر پر امپورٹڈ حکومت کی مہربانیاں جاری ہیں ابھی دیکھتے رہیں چیف الیکشن کمشنر نے ابھی پورے خاندان کو کہیں نہ کہیں لگانا ہے، رہنما پاکستان تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جب آپ حکومت میں ہوں تو پھر گردن میں سریا نہیں آنا چاہیے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ فیصل آباد میں ضمنی الیکشن یکطرفہ مقابلہ ہے، پنجاب کے دیگر حلقوں میں بھی تحریک انصاف کا مقابلہ آزاد امیدواروں سے ہے، لوٹوں کو اپنے گھروں سے نکلنے کا بھی موقع نہیں مل رہا، ضمنی انتخابات میں 20 نشستوں پر کامیاب ہوں گے۔رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ لوگوں کو نوازنے میں مسلم لیگ (ن)بے شرمی کی حد تک چلی جاتی ہے، چیف الیکشن کمشنر کی بیوی کو پرائز پوسٹنگ دی گئی ہے، حمزہ شہباز نے سپریم کورٹ میں جو کمٹمنٹ کی اس کی خلاف ورزی کی، ان کے منشی وزیر ہر حلقے میں جاکر مہم چلا رہے ہیں۔بھرپور میڈیا سینسر شپ جاری ہے، انتظامیہ کی مدد سے کارروائیاں جاری ہیں، مظفر گڑھ کے ایم پی اے کی خلاف مقدمہ کر دیا گیا، ان کے وزرا اور مشیر سرکاری گاڑیوں پر مہم چلا رہے ہیں، ان کے وزیروں کو پیٹرول مفت مل رہا ہے اس لیے سرکاری گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پنجاب کے مقابلے بھرپور طریقے سے جیتے گی،حمزہ شہباز کی حکومت آخری چند ہفتے پورے کر رہی ہے، الیکشن کمیشن نے ہمارے 5 اراکین کے نوٹی فکیشن روکے تھے، پی ٹی آئی اور ق لیگ کے 173 لوگ اسمبلی میں ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ ان میں اخلاقی جرات نہیں ہے کہ یہ اسمبلی سے استعفیٰ دیتے، مہنگائی اور بے روزگاری عام آدمی کی کمر توڑ رہی ہے، امپورٹڈ حکومت کی پالیسیز سے پاکستان کے لیے مزید مشکلات بڑھیں گی، انہوں نے آئی ایم ایف کے کہنے پر تیل، بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھا دیں، آئی ایم ایف نے اینٹی کرپشن کے قانون ٹھیک کرنے کا کہا تو حکومت خاموش بیٹھی ہے۔پاکستان میں خودداری اور خودمختاری کا کوئی نشان ہے تو وہ عمران خان ہے، پورا پاکستان عمران خان کے پیچھے کھڑا ہے، پی ٹی آئی کی پنجاب میں حکومت بنے گی پھر ہم عام انتخابات کی طرف بڑھیں گے، عوام کے سوا انتظامیہ ن لیگ اور پی ڈی ایم کیساتھ ہے، اس جنگ میں عوام جیتے گی۔

متعلقہ خبریں