حکومت کا 50 فیصد غریب عوام کو سستی گیس وبجلی فراہم کرنےکا فیصلہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیرمملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ مہنگائی میں 50 فیصد غریب عوام کو سستی گیس وبجلی فراہم کرنے کی تجویز ہے، غریب طبقے کو مہنگائی سے بچانے اور مہنگائی میں ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ وزیرمملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، غریب طبقے کو مہنگائی سے بچانا حکومت کی پالیسی ہے، ملک کے 50 فیصد غریب افراد کو سستی گیس وبجلی کی فراہمی کی تجویز ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو تحفظ حاصل ہے، یہ ملک اقلیتوں کو بھی مکمل پروٹیکشن فراہم کرتا ہے، آئین پاکستان ہمیں فکری آزادی دیتا ہے، پاکستان میں تمام مکاتب فکر کو آزادی حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ مل بیٹھ کر مذہبی ہم آہنگی کی فضا پید ا کی جا سکتی ہے۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ ملک کے پچاس فیصد غریب ترین لوگوں کے لئے گیس کی قیمت نہ بڑھانے کی تجویز ہے ، ہم غریب ترین لوگوں پر اضافی بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے تاہم اس حوالے سے فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔انہوں نے کہاکہ غریب لوگ ایل پی جی سے اپنے چولہے جلاتے ہیں جس کی قیمت بہت زیادہ ہے۔ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کابوجھ ان لوگوں پر ڈالا جائے گا جو برداشت کرنے کی سکت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کا فرض ہے کہ غریب لوگوں کو ریلیف فراہم کرے ، وزیراعظم کا بھی یہی وڑن ہے کہ غریبوں کو سہولت فراہم کی جائے ،اس تناظر میں پنجاب میں 100یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو مفت بجلی فراہم کی جارہی ہے۔سابق حکومت نے چار ڈالر سے سولہ ڈالر تک قیمت پر گیس نہیں خریدی ،اب گیس کی قیمت چالیس ڈالر تک پہنچ چکی ہے ، انہیں معلوم تھا کہ گزشتہ سردیوں میں بھی ہمارے پاس گیس نہیں تھی ،اس کے باوجود انہوں نے طویل مدتی معاہدے نہیں کئے حالانکہ ہمارے پاس تین سے چار اضافی گارگو محفوظ رکھنے کی صلاحیت ہے۔

انہوں نے کہاکہ سردیوں میں صرف گھروں میں گیس کی طلب 1170 ملین کیوبک فٹ ہے جبکہ ہمارے ملکی ذخائر میں 670ملین کیوبک فٹ گیس دستیاب ہے۔سابق حکومت نے گیس کی اس کمی کو پورا کرنے کے حوالے سے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی۔ وزیر مملکت نے کہاکہ پی ٹی آئی نے اپنی حکومت جانے سے کچھ عرصہ قبل یہ قانون بنا دیا کہ گیس کی قیمت اوگرا مقرر کرے گا ، اب گیس کی قیمت میں تبدیلی کا اختیار حکومت کے پاس نہیں ہے 2سال سے گیس کی قیمت بڑھائی نہیں گئی ، ہمیں اس حوالے سے فیصلہ کرنا ہو گا۔

متعلقہ خبریں