عمران خان کے جہاز کے پائلٹ کو نامعلوم نمبروں سے دھمکیاں ملنے کا انکشاف

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کا کہنا ہے کہ چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کے جلسوں کے دوران استعمال ہونے والے جہاز کے پائلٹ کو نامعلوم نمبروں سے دھمکی آمیز فون آ رہے ہیں۔لگتا ہے طاقت کے استعمال کی کوئی حد نہیں آپ کے سامنے۔ آپ ڈرانے دھمکانے کی ہر حد کراس کرنا چاہتے ہیں۔لیکن قوم کا خوف دور ہو چکا۔اب سب نامعلوم، معلوم ہیں۔شہباز گل نے مزید کہا کہ اگر خان صاحب کے جہاز کو زمین پر یا فضا میں کوئی نقصان پہنچا تو قوم یاد رکھے کون یہ سب کروا رہے ہیں-پہلے پرائیوٹ کمپنیوں کو جہاز دینےپر دھمکیاں دی گئیں۔

زبردستی جہازوں کوخراب ظاہر کروا کر ہمارے سفر کو کینسل کروانے کی کوشش کی گئی۔اب جو جہاز موجود ہے اس کے پائیلٹ کو دھمکایا جا رہا ہے۔پاکستان تحریک انصاف اس سے پہلے بھی دعویٰ کر چکی ہے کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے اور انہیں سخت سیکیورٹی کی ضرورت ہے۔پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے بھی انکشاف کیا ہے کہ عمران خان کے جہاز کے پائلٹ کو دھمکیاں مل رہی ہیں۔ جن خدشات کا ذکر کچھ دن پہلے کیا گیا تھا اس کا ثبوت بھی مل گیا ہے۔چند روز قبل عمران خان کی جان کو لاحق خطرات کے پیش نظر بنی گالہ کے اطراف سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی تھی۔بنی گالہ رہائش گاہ کے پاس سیکیورٹی کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے تھے۔ تاہم وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی جان کو خطرے سے متعلق کوئی اطلاع نہیں، پی ٹی آئی کو چاہیے حملے کی معلومات ہمیں نہیں تو آئی جی اسلام آباد، چیف جسٹس یا سکیورٹی ایجنسی کو دے دیں، عمران خان کی وزیراعظم کے برابر سکیورٹی ہے، انتخابی مہم کے دوران مکمل سکیورٹی دی جائے گی۔

متعلقہ خبریں