نومبر سے بجلی کی قیمت کم ہونا شروع ہو جائے گی، وزیر توانائی خرم دستگیر خان کا دعویٰ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ عذاب عمرانی کی نالائقی اور سی پیک دشمنی ہے ،عمران خان کا زیادہ بجلی پیداوار کا دعوی بالکل جھوٹ تھا، کورونا کے باعث بجلی کی ڈیمانڈ میں کمی ہوئی تھی، کمیشن تحقیقات کریگا کہ گزشتہ حکومت میں 3 ڈالر پر ایل این جی کیوں نہ خریدی گئی، نومبر سے بجلی کی قیمت کم ہونا شروع ہو جائے گی۔وزیر توانائی خرم دستگیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت پورے ملک میں عوام کو لوڈشیڈنگ کی تکلیف کا سامنا ہے، لوڈشیڈنگ کی وجہ عذاب عمرانی کی نالائقی اور سی پیک دشمنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرمی کی شدت کی وجہ سے بجلی کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ خرم دستگیر خان نے کہاکہ عالمی مارکیٹ میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، 30 جون کو پاکستان کی تاریخ کی بجلی کی بلند ترین طلب ریکارڈ کی گئی۔وزیر توانائی نے کہاکہ وزارت توانائی نے موسم سرما سے 20 فیصد زیادہ بجلی پیدا کی ہے، پیداوار سے زیادہ طلب ہے جس وجہ سے لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف دور میں 4 آر ایل این جی اور نیوکلیئر پلانٹ لگائے گئے، 7 سو میگاواٹ کا کروٹ ہائیڈرو الیکڑک کا پلانٹ پرسوں شروع ہوا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان کا زیادہ بجلی پیداوار کا دعوی بالکل جھوٹ تھا، کورونا کے باعث بجلی کی ڈیمانڈ میں کمی ہوئی تھی۔وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان کی صنعت کو مسلسل بجلی کی فراہمی جاری ہے۔خرم دستگیر نے کہاکہ بجلی کی ازسرنو بنیاد کا تعین کیا جانا ہے، بجلی کی ری بیسنگ ایک سال پانچ ماہ قبل کی گئی تھی۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ اس دوران توانائی کے شعبے میں قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا، اس دوران کوارٹرلی ایڈجسٹمنٹ اور ری بیسنگ بھی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ 7 روپے 90 پیسے میں سے سبسڈی کا تعین کرنے کے بعد تین مراحل میں اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ نومبر سے بجلی کی قیمت کم ہونا شروع ہو جائے گی۔ وزیر توانائی نے کہاکہ کمیشن تحقیقات کرے گا کہ گزشتہ حکومت میں 3 ڈالر پر ایل این جی کیوں نہ خریدی گئی۔ وزیر توانائی نے کہاکہ تحقیقاتی کمیشن میں تکنیکی ماہرین کا شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کمیشن کے حوالے سے وزیراعظم ہاوس میں مشاورت جاری ہے۔ وزیر توانائی نے کہاکہ نیپرا نے بجلی ٹیرف میں 7.90 روپے اضافہ تجویز کیا ہے،وزارت توانائی نے ٹیرف میں تین حصوں میں اضافے کی سفارش کی ہے،ٹیرف کو تین حصوں میں بڑھانے کا فیصلہ کابینہ کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ بجلی ٹیرف میں سبسڈی دینے کا فیصلہ ہونا بھی ابھی باقی ہے،فروری 2021 سے بجلی ٹیرف میں اضافہ نہیں ہوا،اس عرصے کے دوران ایندھن کی عالمی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا۔

متعلقہ خبریں