اسد عمر کی شہباز شریف کے اسلام آباد میٹرو کو فعال کرنے سے متعلق احکامات پر تنقید

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے اسلام آباد میٹرو کو فعال کرنے سے متعلق احکامات کو شدید تنقید کا نشانہ بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ آتے ہی ڈرامہ بازی شروع ہوگئی جب کہ سی ڈی اے نے 2 ماہ پہلے ہی بتا دیا تھا کہ اسلام آباد میٹرو اپریل کے پہلے ہفتے میں چلے گی۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ سی ڈی اے کی پریس ریلیز بھی شیئر کردی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور موڑ تا اسلام آباد میٹرو بس سروس کا افتتاح کر دیا ، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چار سال جس منصوبے پر موت کی کیفیت طاری تھی اس کا 4 دن میں افتتاح کیا ، اس منصوبے سے روزانہ ہزاروں مسافر مستفید ہوں گے ، سابق حکمرانوں کو اگر عوام کا احساس ہوتا تو یہ منصوبہ 4 سال تو کیا 4 گھنٹے تاخیر کا شکار نہ ہوتا ، سابق وزیراعظم تو ہیلی کاپٹر پر 55 روپے فی کلومیٹر پر آتے جاتے تھے اور وزراء کے پاس بلٹ پروف اور آرام دہ گاڑیاں تھیں ، انہیں اس بات سے کیا غرض ہونا تھی کہ غریبوں نے اپنے بچوں کو اسکول لے کر جانا ہے، ماں باپ کو اسپتال لے کرجانا ہے یا محنت مزدوری کے لیے جانا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ منصوبے پر ترکی اور چین کے شکرگزار ہیں، یہ تحفہ اسلام آباد کے باسیوں کو 2017ء میں نوازشریف نے دیا ، اس منصوبے کو 2018ء میں آپریشنل ہونا تھا مگر بدقسمتی سے حکومت تبدیل ہونے پر یہ منصوبہ اور اس جیسے تمام منصوبے کھٹائی کا شکار ہوئے ، اب منصوبے کے لیے پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی سے 15 بسیں ادھار لی ہیں ، میرے وزیراعظم بننے سے سابق وزیراعظم کو گھبراہٹ توہوتی ہو گی لیکن عوام کی گھبراہٹ اب ختم ہو گئی ہے، اب ہم ساری جماعتیں رات دن محنت اور لگن سے عوامی فلاح کے لیے کام کریں گے ، اگر سابق وزیراعظم کو گھبراہٹ ہوتی ہے تو ہو لیکن میں اسی رفتار سے کام کروں گا جس کا میں عادی ہوں۔

متعلقہ خبریں