سستی شہرت کیلئے گزشتہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم رکھیں،شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) شاہد خاقان عباسی کے مطابق دنیا میں کوئی ملک پاکستان سے زیادہ سستا پٹرول فروخت نہیں کر رہا، سستی شہرت کیلئے گزشتہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم رکھیں، فیصلہ برقرار رکھنے کی صورت میں حکومت کو 240 ارب روپے ادا کرنا ہوں گے۔ دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیلئے اوگرا کی سمری مسترد کر دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے فیصلہ کیا ہے رواں ماہ قیمتوں میں کوئی رد و بدل نہیں ہو گا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا بوجھ حکومت برداشت کرے گی۔

اس سے قبل گزشتہ روز ہم نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری تیار کی، اوگرا نے پیٹرولیم لیوی اور جی ایس ٹی کی کم سے کم اور زیادہ زیادہ شرح کی بنیاد پر تیار کردہ سمری پیٹرولیم ڈویژن کو بھیجوائی۔سمری میں اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں 83 روپے 50 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی، اسی طرح کم سے کم فی لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 21 روپے 30 پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 119 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی، کم سے کم ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 51 روپے 32 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی۔ سمری میں مٹی کے تیل کی قیمت میں 77 روپے 56 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی، جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں کم سے کم 36 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی۔لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 77 روپے 31 پیسے فی لیٹر مہنگا، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں کم سے کم 38 روپے 89 پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی۔ موجودہ ٹیکس پر پیٹرول 21روپے 30پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی۔ موجودہ ٹیکس پر ہائی اسپیڈڈیزل فی لیٹر 51 روپے 32 پیسے مہنگا کرنے اور موجودہ ٹیکس پر لائٹ ڈیزل 38روپے 89 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی۔ اسی طرح موجودہ ٹیکس پرمٹی کا تیل 36 روپے 5 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی۔ یہاں واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے 28 فروری کو اعلان کیا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ مالی سال کے بجٹ تک اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں