جس دن وزیراعظم نے حلف لیا اسٹاک مارکیٹ اوپر گئی اور ڈالر نیچے گیا،ترجمان پاک فوج

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ترجمان پاک فوج نے کہاہے کہ جس دن وزیراعظم نے حلف لیا اسٹاک مارکیٹ اوپر گئی اور ڈالر نیچے گیا، یہ ایک طرح کامعاشی استحکام لگتاہے ۔ جمعرات کے روز ڈی جی آئی ایس پی آرنے میڈیا کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ جس دن وزیراعظم نے حلف لیا اسٹاک مارکیٹ اوپر گئی اور ڈالر نیچے گیا، یہ ایک طرح کامعاشی استحکام لگتاہے ، سی پیک بہت بڑا اسٹریٹجک پراجیکٹ ہے۔انہوں نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ دو دن قبل آرمی چیف کی زیرصدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی، کانفرنس میں شرکاء کو پاکستان آرمی کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں، خطے کے حالات اور اندرونی
وبیرونی چیلنجز پر بریفنگ دی گئی، چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا گیا، مسلح افواج کسی بھی صورت سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، پچھلے چند مہینوں میں دہشتگردوں نے امن کو خراب کی کوشش کی، لیکن پاک فوج کے جوانوں نے ان کو ناکام بنایا، اس سال کے پہلے تین ما ہ میں 128دہشتگردو ں کو ہلاک اور 270دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا، ان آپریشنز کے دوران 97افسران اور نوجوانوں نے شہادت نوش کی، پوری ان بہادرسپوتوں اور ان کے لواحقین کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

اسی دوران عالمی امن کے قیام کی خاطر اقوام متحدہ کے کانگو امن مشن میں پاک فوج کے 6جوانوں نے 29مارچ کوجام شہادت نوش کیا، اب تک 168افسران اور جوان یواین امن مشن میں جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں، ان قربانیوں کا اعتراف اعلیٰ سطح پر کیا گیا۔ کانفرنس میں فارمیشن کمانڈرز نے ملکی سلامتی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات، بالخصوص اندرونی امن وامان کی مد میں آئین وقانون کی بالادستی کے اقدام کو سراہا اور درست سمت میں بہترین قدم قرار دیا۔سب نے اتفاق کیا کہ جمہوریت، اداروں کی مضبوطی ، قانون کی بالادستی، سب اداروں کو آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے کام کرنا ملکی مفاد کی ضمانت ہے۔ عوام کی حمایت مسلح افواج کی طاقت کا منبہ ہے، اس کے قومی سلامتی بے معنی ہے، فوج اور عوام میں دراڑ ڈالنے کی دانستہ یا غیردانستہ کوشش قومی مفاد کے منافی ہے، تعمیری تنقید مناسب ہے لیکن افواہوں کی بنیاد پر سازشوں کے تانے بانے بننااور کردار کشی کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں، فوج اور فوجی قیادت کے خلاف منظم پروپیگنڈا مہم چلائی جا رہی ہے، حتیٰ کہ ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے ریٹائرڈ ملٹری آفیسر کے فیک میسجز پھیلائے جا رہے ہیں تاکہ معاشرے میں انتشار پھیلے، جو کام دشمن 7دہائیوں سے نہیں کرسکا، اب بھی نہیں کرنے دیں گے۔

سیاسی پارٹیوں سے درخواست ہے فوج کو سیاست میں مت گھسیٹیں، فوج سیاست سے باہر رہنا چاہتی ہے، افواہوں کی بنیاد پر بے بنیاد کردارکشی کسی صورت قبول نہیں ، بہتر ہے ہم اپنے فیصلے آئین وقانون پر چھوڑ دیں،کیونکہ قانون پر عملدرآمد سے ہی معاشرے ترقی کرتے ہیں، وقت ہے ہم سب انفرادی اجتماعی طور پر کردار ادا کریں اور ملک اور اداروں کو مضبوط بنائیں تاکہ بحیثیت قوم ہم تمام چیلنجز کا بخوبی مقابلہ کرسکیں۔

متعلقہ خبریں