عمران خان کو پیغام دیتی ہوں کہ تم یہ گیم ہار چکے ہو،پنجاب اسمبلی کے علامتی اجلاس کےبعد مریم نواز کی گفتگو

لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف نے پنجاب کا مینڈیٹ چرانے کا بدلہ لے لیا ہے،عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو پیغام دیتی ہوں کہ تم یہ گیم ہار چکے ہو، عمران خان آئین توڑنے والا پہلا سویلین حکمران بن چکا ہے، غاصب نااہل حکمرانوں سے عوام کی جان چھڑانے پرعلیم ، جہانگیرودیگر کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام کو مبارکباد پیش کرتی ہیں، 2018میں پنجاب کے عوام نے مسلم لیگ ن کو واضح مینڈیٹ دیا، لیکن ووٹ چور نے مینڈیٹ پر شب خون مارا اور مسلم لیگ ن کی حکومت نہیں بننے دی، اس کے نتیجے میں بزدار جیسا وزیراعلیٰ ملا، جس کو چلاتی فرح تھی، تانے بانے بنی گالہ سے ملتے تھے، عوام کو مبارکباد پیش کرتی ہوں کہ نوازشریف نے مینڈیٹ چرانے کا بدلہ لے لیا ہے، میں علیم خان، جہانگیرترین، اسد کھوکھرسمیت سب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں کہ آپ نے اس غاصب نااہل حکمران سے عوام کی جان چھڑائی، جب پنجاب کے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ملا تو پچھلے رمضان میں 2، 2کلو چینی لائنوں میں لگایا گیا، آٹا، چینی، گیس، بجلی اور پنجاب کی ترقی چوری کی گئی، ترقی اور سڑکیں فرح گجر کے گاؤں میں بنیں۔

سارا پاکستان جانتا ہے وہ کس کی فرنٹ پرسن تھیں، جب حساب کتاب کا وقت آیا تو اس کو برقعہ پہنا کر راتوں رات ایئرپورٹ سے باہر بھیج دیا گیا، سر شرم سے جھک گیا جس طرح پنجاب اسمبلی کو تالا لگایا گیا، خاردار تاریں لگائی گئیں، کون بھاگتا ہے، کون خاردار تاریں لگواتا ہے، کون میڈیا کودور رکھتا ہے، وہ بھاگ جاتا ہے جس کے بندے پورے نہیں ہوتے۔ ہم نے ڈکٹیٹر کے دور میں دیکھا تھا کہ ان کے نمائندے بیٹھ کر اسمبلی چلاتے تھے ، افسوس ہوا کہ پرویز الٰہی نے اپنے آفس میں آمرانہ رویہ اپنایا، چودھری ظہور الٰہی کی بھی سیاسی روایات تھیں، میرے بزرگ ہیں، سیاسی سینئر ہیں، لیکن مجھے سمجھ نہیں آتی کہ آپ نے کیوں ہاری ہوئی بازی کھیلی، عمران خان اور اس کے سارے ساتھیوں کو پیغام دیتی ہوں غنڈہ گردی، کرو، دہشتگردی کرو، جو مرضی کرو، تم یہ گیم ہار چکے ہو، عمران خان پہلا سویلین حکمران ہے جس نے پاکستان کا آئین توڑا، میں پاکستان کی بیٹی ہوں، میری پیدائش پنجاب میں ہوئی ہے، ہم نے پنجاب کے مینڈیٹ کو اصل بیٹے حمزہ شہباز تک پہنچایا ہے، نوازشریف، شہبازشریف نے گیس اور بجلی کے کارخانے لگا دیے، ہمارے پاس کوئی جنات نہیں تھے لیکن جنات کی طرح کام کیا، آج پھر وہی کرپشن، بجلی گیس کی قلت، مہنگائی رشوت واپس آگئی ہے۔

اس نااہلی اور نالائقی نے جتنا پنجاب کو نقصان پہنچایا ہے تو کسی کو نہیں پہنچا، سندھ، بلوچستان، کے پی ، گلگت بلتستان،کشمیر کے مینڈیٹ کو کوئی چرائے گا تو مریم نواز کھڑی ہوگی، اپنی آئین شکنی کو چھپانے کیلئے کہتا میرے خلاف سازش ہوئی، بڑی اچھی سازش تھی کہ تم نے اپنے وزیراعلی کو گھر بھیج دیا، اپنے اسپیکر کے خلاف خود تحریک عدم اعتماد لے کر آئے تو کیا یہ انٹرنیشنل سازش تھی؟انٹرنیشنل سازش کا مہرہ عمران خان ہے، جس نے سارے کام خود کیئے۔

متعلقہ خبریں