پی ٹی آئی کا 20 منحرف ارکان کے خلاف نا اہلی ریفرنس جمع کرانے کا اعلان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف نے 20 منحرف ارکان کے خلاف نا اہلی ریفرنس جمع کرانے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء اسد عمر نے کہا کہ باہر سے ملکی سیاست میں مداخلت ہو رہی ہے ، ہمیں آئین کے درس دیے جارہے ہیں ، پتہ نہیں کون سی شق کی خلاف ورزی کی ، آئین میں کہاں لکھا ہے کہ پیسے خرچ کرکے ایم این ایز خریدے جائیں ، ایک ایم این اے نے کہا کہ 23 کروڑ روپے سے میری زندگی اچھی گزر جائے گی ، 20 منحرف ارکان کے خلاف نااہلی ریفرنس اسپیکر آفس میں جمع کروائیں گے ، آرٹیکل 63 اے کی تشریح کی پٹشن عدالت میں زیرسماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو فیصلہ کرنے دینا چاہیے کیوں کہ نئے انتخابات ہی موجودہ صورتحال کا حل ہے ، ہمارا بیانیہ قوم نے مان لیا ، ہمارے لیے کہا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی غیر مقبول ہوئی ہے ، نئے انتخابات سے ڈر کیوں رہے ہیں ؟ عوام جس جماعت کو بھی ووٹ دے اسے تسلیم کرنا چاہیے ، آج کی آئینی حقیقت یہ ہے کہ اسمبلی تحلیل ہوچکی ہے ،اایاز صادق کو اسپیکر کی کرسی کا احترام کرنا چاہیے۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہارس ٹریڈنگ کے مرتکب اراکین قومی اسمبلی کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کا آغاز کردیا ، تحریک انصاف کے منحرف اراکین قومی اسمبلی کو وضاحت کیلئے دیا گیا وقت ختم ہوگیا ، وزیراعظم نے منحرف ارکان کے موصول ہونے والے جوابات نامعقول قرار دے کر مسترد کر دیئے اور ہارس ٹریڈنگ کے مرتکب اراکین قومی اسمبلی کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ ہارس ٹریڈنگ کے مرتکب اراکین قومی اسمبلی کیخلاف ریفرنسز دائر کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی گئی ہے ، وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف کی ہدایات کی روشنی میں منحرف اراکین کیخلاف ریفرنسز تیار کیے جارہے ہیں ، ہارس ٹریڈنگ میں ملوث اراکین کیخلاف دستاویزی ثبوت بھی ریفرنسز کے ساتھ بھجوائے جائیں گے ، ریفرنس آرٹیکل 63 اے ون کے تحت اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوائے جارہے ہیں۔

متعلقہ خبریں