وزیراعظم عمران خان کی خیبرپختونخوامیں بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر وزیراعلیٰ محمود خان کو مبارک باد

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا کے عوام نے غداروں اورغیرملکی غلاموں کو مسترد کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں انہوں نے خیبر پختونخوا مین ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیابی پر وزیراعلیٰ محمود خان کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے غداروں اورغیرملکی غلاموں کو مسترد کردیا ، بلدیاتی انتخابات کے نتائج تمام غداروں کے اپنے حلقوں میں جانے کے لیے تنبیہ ہے۔

خیال رہے کہ صوبہ خیبرپختونخواہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں تحریک انصاف نے بھرپور طریقے سے کم بیک کیا ہے جہاں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے سلسلے میں ہونے والی پولنگ کے بعد غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے اور صوبے کے 18 اضلاع میں ہونے والے اس الیکشن کے سلسلے میں کل 63 تحصیل میئر کی نشستوں کے ابتدائی غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں حکمراں جماعت تحریک انصاف 63 میں سے 32 تحصیل میئر کی نشستوں پر برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے، جب کہ خیبرپختوںخواہ کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں برتری حاصل کرنے والی اپوزیشن جماعتیں اس مرتبہ کافی پیچھے ہیں ، اب تک اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتوں کو 16 نشستوں پر برتری حاصل ہوئی ہے جن میں جے یو آئی ف کو 11، مسلم لیگ ن کو 4 جبکہ پیپلز پارٹی اور اے این پی کو 1،1 نشست پر برتری حاصل ہے۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخواہ کے 18 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5بجے تک جاری رہی ، پولنگ پر امن طور پر ہوئی اور کنٹرول روم میں شکایات موصول نہیں ہوئیں اور کوئی ناخوش گوار واقعہ رونما نہیں ہوا ، بلدیاتی انتخابات میں خواتین کے ووٹ ڈالنے کی شرح قدرے کم رہی تاہم ووٹنگ میں حصہ لینے والی خواتین بلا خوف وخطر ووٹ ڈالنے آئیں۔الیکشن کمیشن نے شکایات کے اندراج اور نمٹانے کے لئے الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا جو مسلسل نتائج کے آنے تک قائم رہے گا ، بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ کے موقع پرسیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ، چیف الیکشن کمشنر،سیکریٹری الیکشن کمیشن اوراسپیشل سیکریٹری پولنگ کے عمل کی نگرانی کر تے رہے۔

متعلقہ خبریں