عوام ایکسپریس خطرناک حادثے سے بال بال بچ گئی،ٹرین کے سامنے اسی ٹریک پر انجن آگیا

سکھر(نیوز ڈیسک) پاکستان ریلوے کی ٹرین عوام ایکسپریس سکھر کے قریب حادثے سے بال بال بچ گئی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرین پشاور سے کراچی جارہی تھی کہ اس دوران سکھر کے قریب اچانک سامنے انجن آگیا جو کہ ڈاؤن ٹریک پر مرمت کے لیے موجود تھا تاہم ٹریک پر انجن کو دیکھ کر ڈرائیور نے بروقت بریک لگا کرٹرین روک دی ، جس کے باعث عوام ایکسپریس بڑے حادثے سے بچ گئی ۔

یاد رہے کہ تقریباً دو ماہ قبل بریک فیل ہونے کے باعث ٹرین حادثے کا شکار ہوئی اور کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں ، ٹرین حادثہ پشاور اور کراچی کے درمیان چلنے والی خیبرمیل ایکسپریس کو اس وقت پیش آیا جب صوبہ پنجاب میں میاں چنوں کے مقام پر اچانک ٹرین کے بریک فیل ہوگئے ، جس کی وجہ سے ٹرین کی کئی بوگیاں پٹری سے نیچے اتر گئیں تاہم اس حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ریلوے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ خیبر میل کے ڈرائیوز نے قریبی عزیز کے انتقال کے باعث چارج چھوڑا تو دوسرے ڈرائیور کو ٹرین کا چارج دیا گیا لیکن چارج لینے آنے والے ڈرائیور نے بریکنگ پاور کو چیک نہیں کیا جس کی وجہ سے ڈرائیور بریک پر اپنا کنٹرول کھو بیٹھا اور ٹرین کے بریک فیل ہوگئے ، جس کے بعد ٹرین کو لوپ لائن پر منتقل کرنا پڑا اور اسے میاں چنوں ریلوے اسٹیشن پر ہی روک لیا گیا۔

اس سے چند روز قبل سرگودھا سے کراچی جانے والی ملت ایکسپریس بروقت اطلاع سے حادثہ کا شکار ہونے سے اس وقت بال بال بچ گئی ، جب یہ ٹرین سرگودھا سے کراچی جانے والی ملت ایکسپریس حسب معمول اپنی منزل کی طرف رواں دھواں تھی کہ سندھ کے علاقہ لاکھاروڈ ریلوے اسٹیشن کے قریب 382 کلومیٹر کے مقام پر ڈاون ریلوے ٹریک پر آدھا فٹ ٹکرا ٹوٹا ہوا تھا ، جس کی بروقت اطلاع راہگیر نے اسٹیشن ماسٹر کو کر دی جس پر ملت ایکسپریس ٹرین کو لاکھاروڈ ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا اور ٹریک پر امدادی ٹیمیں کے بروقت پہنچ کر ٹریک کی مرمت کاکام مکمل کر کے ٹرین کو روانہ کیا گیا جس صورتحال کے باعث ٹرین ایک گھنٹہ تک ریلوے اسٹیشن پر رکی رہی اور مسافروں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

متعلقہ خبریں